حکومت پنجاب نے گندم کی امدادی قیمت بڑھاکر 3 ہزارروپے فی من مقررکردی

Published on November 3, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 72)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)حکومت پنجاب کی جانب سے گندم کی فصل کو منافع بخش بنانے کیلئے بوائی سے قبل ہی اس کی امدادی قیمت بڑھاکر0 300روپے فی من مقررکردی گئی ہے تاکہ کاشتکارگندم کو ایک منافع بخش فصل کے طور پر زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کریں جبکہ امسال صوبہ پنجاب کیلئے گندم کی کاشت کا ہدف 1کروڑ 65لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے جس سے 2کروڑ 10لاکھ میٹرک ٹن پیداوار کے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمیدنے بتایا گندم کی فصل ملکی فوڈ سکیورٹی کے حصول کیلئے ناگزیر ہے اور اس ضمن میں پنجاب کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے جوگندم کی ملکی مجموعی پیداوار کا تقریباً 75 فیصد حصہ پیدا کرتاہے۔انہوں نے بتایا کہ امسال گندم کی زیادہ پیداوار کیلئے جاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے زراعت توسیع کے کارکنان اور زرعی یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات ایک قومی جذبے کے تحت کاشتکاروں کی فیلڈ میں معاونت کر رہے ہیں تاکہ ملکی فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ امسال گندم کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت کاشتکاروں کو منظور شدہ اقسام کا بیج، جڑی بوٹی مار زہریں اور جدید زرعی مشینری سبسڈی پر فراہم کی جارہی ہے تاکہ گندم کے پیداواری ہدف کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ امسال حکومت گندم کاایک ایک دانہ خرید کرے گی اور گندم کی زیادہ کاشت کسانوں کیلئے منافع بخش ثابت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ محکمہ زراعت گندم کی کاشت اور پیداوار میں اضافہ کیلئے پر عزم اورزیادہ گندم اگاو مہم بھرپور انداز میں جاری ہے لہٰذاکاشتکار حکومت کی جانب سے زرعی مداخل پر دی جانیوالی سبسڈی کی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ گندم کو منافع بخش فصل بنانے کے ساتھ ساتھ پیداواری ہدف بھی حاصل ہوسکے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت کاشتکاروں کی فنی رہنمائی میں مصروف عمل اور کاشتکاروں کو گندم کی جدید ٹیکنالوجی بارے تربیتی پروگرامزکا سلسلہ جاری ہے جبکہ ڈویژن اور ضلعی سطح پر میگا فارمرز کنونشنز وسیمینارز کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے نیز محکمہ زراعت پرعزم ہے کہ انشااللہ اس سال پیداواری ہدف سے زائد گندم حاصل کی جا ئے گی۔انہوں نے کہاکہ کھادوں کے متناسب استعمال سے بھی گندم کی اوسط پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Themes