منشیات کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ہم سب کو مل کر آگے آنا ہوگا ڈاکٹر سید کلیم امام

Published on February 15, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 47)      No Comments

ٹھٹھہ(یواین پی/ حمید چنڈ) وفاقی سیکریٹری نارکوٹیکس کنٹرول ڈویزن ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ منشیات ہمارے لئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے جسے جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ہم سب کو مل کر آگے آنا ہوگا تاکہ ملک کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کیا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے آج ڈپٹی کمشنر آفیس سے پریس کلب مکلی تک منشیات کے خلاف اپنی قیادت میں نکالی گئی شاندار ریلی کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا کہ جہاں جہاں منشیات فروخت ہو رہی ہو اسکی نشاندہی کریں تاکہ اس کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی روکتھام میں اینٹی نارکوٹکس فورس کا بہت بڑا رول ہے جوکہ ملک میں ٹنوں کے حساب سے منشیات پکڑتی ہے اور بڑی مقدار میں سپلائی کو روکنے کیلئے بین الاقوامی تعاون بھی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس کے ساتھ ساتھ ایکسائیز کا بھی اہم رول ہے، ہم یہ پیغام لیکر آئے ہیں کہ منشیات سے دور رہیں، لوگوں کو منشیات کے نقصانات سے جتنا ہو سکے آگاہ کریں اور جو اس لعنت میں مبتلا ہو گیا ہے اس کی مدد کریں تاکہ ان کی زندگی بچائی جا سکے، آئیں مل کر یہ عہد کریں کہ ہم اپنے علاقوں میں منشیات کا استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں سندھ حکومت کی بہت اچھی کارکردگی ہے جنہوں نے سندھ کے مختلف مقامات پر منشیات کے عادی لوگوں کی بحالی کے لئے سنٹرز بنائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی روکتھام کیلئے ملک میں 35 ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں بہت سے لوگ پکڑے جاتے ہیں اور سزائیں بھی ہوتی ہیں لیکن اس کے باوجود چونکہ بہت سارے ایسے لوگ شامل ہیں جوکہ اس لعنت کو کاروبار سمجھتے ہیں اور کچھ لوگ بہک جاتے ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری اور ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان سمیت تمام شرکاء کا پروگرام منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریاض حسین لغاری نے وفاقی سیکریٹری نارکوٹیکس کنٹرول ڈویزن ڈاکٹر سید کلیم امام کا اپنی پوری ٹیم کے ہمراہ منشیات کے خلاف آگاہی مہم کے سلسلے میں اسلام آباد سے ٹھٹہ آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت اور تمام ادارے ہر سطح پر اپنی اپنی کوشش کر رہے ہیں کہ اس منشیات کی لعنت کے خلاف زیادہ سے زیادہ کارروائی ہو تاکہ جو لوگ منشیات کے عادی ہو چکے ہیں ان کی بحالی سمیت مزید لوگوں کو بھی اس لعنت سے بچایا جا سکے۔ اس موقع پر صدر پریس کلب مکلی اعجاز واریو نے منشیات کے خلاف میڈیا کے توسط سے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی یقین دہانی کروائی۔ ریلی میں ڈائریکٹر نارکوٹیکس کنٹرول میجر علی، ای ٹی او ٹھٹہ محمد جمن میمن، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد حنیف میمن کے علاوہ اینٹی نارکوٹیکس فورس، محمکہ صحت، تعلم، پولیس، سوشل ویلفیئر، لوکل گورنمنٹ، انفارمیشن، روینیو افسران اور اساتذہ، طلبہ، وکلاء، مختلف این جی اوز، سول سوسائٹی اور صحافی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes