پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں؛اپوزیشن

Published on February 17, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 98)      No Comments

اسلام آباد(یو این پی) چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینٹ کا اجلاس جاری ہے جس میں اپوزیشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مسترد کردیا۔سینٹ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی نے پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری قوم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان ہے، پٹرول اب عوام کی پہنچ سے دور ہوچکا ہے، حکومت یوں عوام پر بوجھ نہ ڈالے، حکومت ٹیکس کلیکشن نظام کو بہتر کرے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اب تک متعدد بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرچکے ہیں، قیمتوں میں مزید بھی اضافہ ہوتے رہیں گے، ہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔دوسری جانب قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اپوزیشن کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، گزشتہ 2 ماہ میں عالمی مارکیٹ میں 35 فیصد اضافہ ہوا، آج عالمی مارکیٹ میں 93 ڈالر فی بیرل تیل کی قیمت ہے، حکومت نے لیوی ٹیکس میں کمی اور سیلز ٹیکس کو صفر کیا۔ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ حکومت جتنا بوجھ اٹھا سکتی ہے وہ اٹھا رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلی بار کم یا زیادہ نہیں ہو رہیں، (ن) لیگ کا دور ہو یا پیپلز پارٹی کا دور ہو ایسے حالات آتے رہے ہیں، عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی ہو گی تو پاکستان میں بھی قیمتیں کم ہونگی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Themes