پنجاب میں پہلا سول ڈیفنس فائر فائٹنگ ٹریننگ کیمپ کا انعقاد

Published on February 20, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 122)      No Comments


فیصل آباد (یو این پی)ضلعی انتظامیہ کی تحریک پر قیمتی ومعصوم جانوں کے بچاؤ کے لئے اہم اقدام کے تحت فیصل آباد میں صوبہ کا پہلا سول ڈیفنس فائر فائٹنگ ٹریننگ کیمپ گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ اسلامیہ کالج سرگودھا روڑ فیصل آباد میں لگایا گیا جس میں ایل پی جی دکانداروں کو آگ بجھانے کی ٹریننگ،فائر فائٹنگ کے آلات اور معیاری وغیر معیاری ایل پی جی سلنڈرکی پہچان سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند،سول ڈیفنس آفیسر رانا محمد عباس،فاؤنڈر چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن پاکستان عرفان کھوکھرکے علاوہ سول ڈیفنس،ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کے علاوہ ایل پی جی کے کاروبار سے وابستہ دکاندار بھی شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر نے تقریب کے دوران ایل پی جی ایسوسی ایشن کی طرف سے قائم امانت فنڈز سے دکاندار کو بیٹی کی شادی کے لئے دو لاکھ روپے مالیت کا چیک اور تربیتی سیشن میں شریک شرکاء میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔انہوں نے سٹال پر فائر سیفٹی آلات بھی دیکھے اورخود آگ بجھانے کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آج ضلع کی تاریخ کا اہم دن ہے جب ایل پی جی گیس کے کاروبار سے وابستہ تمام دکاندار اورایسوسی ایشن کے عہدیداران ایک چھت تلے اس عزم کا اظہار کررہے ہیں کہ نہ صرف محفوظ کاروبار کو لے کرچلیں گے بلکہ مقررہ ایس اوپیز پر بھی ذمہ داری سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے ایل پی جی ایسوسی ایشن کے فاؤنڈر چیئرمین کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انفورسمنٹ یا پکڑ دھکڑ اس مسئلے کا حل نہیں تھا،افہام وتفہیم سے معاملات کا جائزہ لے کر سیفٹی کے لئے کامیاب اقدامات کئے گئے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیفٹی کلچر،طرز زندگی اور احساس ذمہ داری ہے جو ہر دم برقرار رہنی چاہیے جبکہ ایس اوپیز پرسمجھوتہ کرکے مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے بعض شہروں میں ایل پی جی سلنڈرز کے باعث، پیش آنے والے دلخراش واقعات کاجذباتی انداز میں ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دکاندار ایل پی جی کے استعمال میں ذمہ داری نبھائیں سیفٹی کو اپنائیں۔ضلعی انتظامیہ ان کی سرپرستی جاری رکھے گی۔تقریب میں دکانداروں نے سیفٹی اپنانے کے عزم کا اظہار کیا اور انفورسمنٹ کی بجائے معاملہ فہمی سے حل کو قابل تحسین اقدام قرار دیاہے۔فاؤنڈر چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن نے تقریب میں شرکت پر ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر صوبہ بھر میں قیمتی ومعصوم جانوں کے بچاؤ کے لئے اہم اقدام کے تحت پہلا سول ڈیفنس فائر فائٹنگ ٹریننگ کیمپ لگایاجس میں شرکت کرنے والے دکانداروں کو ایل پی جی کاروبار کے حوالے سے آگاہی دی گئی جو سودمند ثابت ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ ایل پی جی شاپس کوضلعی انتظامیہ کی طرف سے این او سی جاری کئے جارہے ہیں جبکہ سیفٹی پر زیرو ٹالرنس ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes