فیصل آباد،اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے جارہے ہیں مرزامحمد اصغر

Published on February 28, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 183)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا جس میں چیئرپرسن مرزامحمد اصغر،ڈپٹی کمشنر علی شہزاداورسی پی او غلام مبشر میکن نے  تارکین وطن کے مختلف ضلعی محکموں وپولیس سے متعلقہ مسائل وشکایات سنیں۔اجلاس میں ممبرکمیٹی محمد طلحہ حمیدکے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز سٹی وصدر صاحبزادہ محمد یوسف،غلام مصطفی جٹ،ایف ڈی اے، ہیلتھ،ہاؤسنگ،سب رجسٹرار،کالونی اسسٹنٹ اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔چیئرپرسن نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایات پرکمیٹی کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرکے ضلع سے متعلقہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے جارہے ہیں۔انہوں نے تارکین وطن کاموقف سنتے ہوئے کہا کہ ضلع کے متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کا شدید احساس کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف کی فراہمی میں جاری اقدامات کو مزید تیز کریں تاکہ ان کے مسائل کے حل میں تاخیرنہ ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل تیز رفتاری سے حل کرنے کے لئے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں لہذا درخواست گزار محکمانہ پیشرفت سے مطمئن ہونے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر پاکستانی شہری محنت سے وطن کی خدمت کر رہے ہیں جن کی جائیدادوں وخاندانوں کو تحفظ ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن سے موصول ہونے والی شکایات پر محکمانہ کارروائی کو تیز رفتاری سے مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع کے محکموں سے متعلقہ اوور سیز کی شکایات ومسائل کے حل کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں اور موصول ہونے والی شکایات کا فوری نوٹس لے کر بلاتاخیر محکمانہ کارروائی اور رپورٹس حاصل کرکے صوبائی کمیشن کو بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ جائیدادوں پر قبضہ و تقسیم سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے ریونیوریکارڈکے مطابق موقع چیک کرکے رپورٹس پیش کریں تاکہ ان کے حل کے لئے مزید قانونی اقدامات کئے جا سکیں۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے نمائندوں سے کہا کہ انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے ضلعی انتظامیہ سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور متعلقہ محکموں کو میرٹ پر کیسز نمٹانے کے لئے متحرک کیا گیا ہے۔سی پی او نے بتایا کہ پولیس سے متعلقہ درخواستوں کو تیز رفتاری سے حل اور تمام کیسز کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو اوورسیز کی جائیدادوں پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے اور ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔اجلاس کے دوران اوورسیز کی پولیس،ریونیو،ایف ڈی اے اور دیگر محکموں سے متعلقہ 21درخواستوں میں سے موقع پر 14 کو نمٹا دیا گیا۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Theme