فرقہ وارانہ ہم آہنگی،بین المذاہب اتحاد و اتفاق وقت کا اہم ترین تقاضا ہے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد

Published on March 6, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 86)      No Comments

امن عزیز ہے جس پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور علماءکرام کی معاونت سے خوشگوار فضاءکو قائم رکھیں گے
فیصل آباد (یو این پی)ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقدہواجس کی مشترکہ صدارت ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور سی پی او غلام مبشر میکن نے کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند، ڈسٹرکٹ مینجر اوقاف شہباز احمد اور دیگر افسران کے علاوہ مولانا یوسف انور،پیر فیض رسول رضوی،مولانامحمد ریاض کھرل،مفتی محمد ضیاءمدنی،سید جعفر نقوی،یسین ظفر،ڈاکٹر افتخار نقوی،ڈاکٹر ممتاز،عبدالرشید،سیدتجمل حسین زیدی،اسلم بھلی،بشپ آف فیصل آباد بشپ اندریاس رحمت اوردیگر ارکان بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ضلعی امن کمیٹی کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ضلع میں امن عامہ اور مذہبی ہم آہنگی کی مثالی فضاءکو برقرار رکھنے کے سلسلے میں کمیٹی کے ارکان کی بھر پور معاونت کو سراہا اور کہا کہ باہمی اتحاد و اتفاق اور بھائی چارہ پائیدار امن کی ضمانت ہے جس کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماءکرام اور ان کے پیروکاروں کا جذبہ امن لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی،بین المذاہب اتحاد و اتفاق وقت کا اہم ترین تقاضا ہے جس کے لئے علماءکرام کا کردار مسلمہ حقیقت ہے جن کے تعاون،تجاویز اور رہنمائی سے مذہبی تقریبات کے مواقع پر امن و امان کی شاندار روایات کو قائم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کا امن عزیز ہے جس پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور علماءکرام کی معاونت سے خوشگوار فضاءکو قائم رکھیں گے۔سی پی او نے ضلع میں امن کے قیام کے سلسلے میں علماءکرام کے شاندار تعاون کو سراہا اورکہا کہ امن وامان کے قیام کے سلسلے میں ضلعی پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے۔ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے گزشتہ روزپشاور میں مسجد میں دھماکے کی شدید مذمت اورقیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا۔انہوں نے کہا کہ مسجد میں نمازیوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔دہشت گردی کا یہ واقعہ امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے جنہیں متحد ہوکر ناکام بنانا ہے۔مولانا محمد یوسف انور،پیر فیض رسول رضوی،مفتی محمد ضیاءمدنی،مولانا ریاض کھرل اور دیگر علماءکرام نے کہا کہ پائیدار امن،مذہبی رواداری اور پیار و محبت کے فروغ کے لئے تمام مسالک کے علماءکرام اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ اجلاس کے دوران علماءکرام نے گزشتہ روزپشاور میں مسجد میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ ملک دشمنوں کے مذموم عزائم کو پورا نہیں ہونے دیں گے اور متحد ہو کر پہلے کی طرح دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں مذہبی فرقہ واریت میں الجھانا چاہتا ہے لیکن ہم سب متفق ومتحد ہیں اور ایسی سفاکانہ کارروائی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور باہم متفق اور متحد رہتے ہوئے اس کا مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ کسی فرقے پر حملہ نہیں بلکہ پاکستان پر حملہ ہے اس کا مقابلہ باہمی اتفاق سے ہی کیا جا سکتا ہے۔ بشپ آف فیصل آباد ودیگر ارکان نے بھی قیام امن کے لئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے امن کے قیام کے لئے بعض تجاویز بھی پیش کیں۔اجلاس کے اختتام پر شہداءکی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت اور امن وامان کے قیام کی دعا کی گئی۔

 

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Themes