پاکستان اکنامک کانفرنس ملک کے صنعتی منظر نامہ کیلئے ایک نئی اور مفید تبدیلی ثابت ہو گی؛عاطف منیر شیخ

Published on March 19, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 54)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)پاکستان اکنامک کانفرنس ملک کے صنعتی منظر نامہ کیلئے ایک نئی اور مفید تبدیلی ثابت ہو گی جس سے معاشی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے آج کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے فیصل آباد کی صنعتی، معاشی اور کاروباری اہمیت کا ذکر کیا اور کہا کہ محل وقوع کے حوالے سے یہ شہر پاکستان کے وسط میں واقع ہے جہاں سے صرف چند گھنٹوں میں ملک کے کسی بھی حصے تک پہنچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریل، روڈ اور فضائی سفر کے ذریعے سمندری اور خشکی کے راستے نواحی ملکوں اور بین الاقوامی منڈیوں تک درآمدی اور برآمدی سامان کی نقل وحمل بھی انتہائی آسان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی اداروں کی درجہ بندی کے مطابق فیصل آباد کا شمار ملک کے تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں ہوتا ہے جبکہ یہاں بننے والی سٹیٹ آف دی آرٹ ایم تھری اور علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹس سے بھی صنعتی ترقی کی رفتار میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں بڑے پیمانے پر ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری ہورہی ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے اب تک 65صنعتی یونٹ پیداوار بھی شروع کرچکے ہیں جس سے معیشت اور برآمدات میں اضافہ ہونے کے علاوہ بڑی تعداد میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔ عاطف منیر شیخ نے بتایا کہ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد ٹیکسٹائل کی شناخت رکھنے والے شہر کو کثیرالجہتی صنعتی مرکز میں تبدیل کرنا ہے جہاں ایسی جدید اور غیر روائتی صنعتوں کے قیام کی راہیں کھلیں گی جن کی پیداوار کی کھپت عالمی منڈیوں میں ہوسکے گی۔ انہوں نے اس کانفرنس میں شرکت کرنے والے ملک بھر کے چیمبرز کے صدور کا شکریہ ادا کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ یہاں سے ایک واضح پیغام لے کر جائیں کہ پاکستان کی جامع ترقی کیلئے ہمیں پرانی مشینوں سے نجات کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی کوبھی اپنانا ہوگا۔ وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ فیصل آباد کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے صنعتی ترقی کیلئے انتہائی قابل عمل تجاویز دیں جس پر متعلقہ وزراء نے ان سے رابطہ کیا اور صرف 18دنوں کے بعد ایک جامع صنعتی مراعاتی پیکج کا اعلان کردیا گیا جس میں 99فیصد ہماری سفارشات اور تجاویز شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم ملک ہونے کے ناطے یہاں کے تاجر اور صنعتکار سودی نظام سے اجتناب کرتے ہیں۔ اس لئے کانفرنس کے پہلے روز کا سیشن اسلامی بینک کاری پر ہوگا تاکہ اس سلسلہ میں لوگوں کے تحفظات اور خدشات کو دور کیا جاسکے۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر میاں محمد ادریس نے کہا کہ اس کانفرنس کے شرکاء کو ایک دوسرے سے اپنا علم اور تجربہ شیئر کرنے کا موقع ملے گا۔ سپین کے کمرشل اتاشی مسٹر سنتیاگونے بھی مختصر خطاب کیا اور کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ سپین کے سرمایہ کار پاکستانی سٹیک ہولڈرز سے مل کر درآمدات کے متبادل صنعتوں کے قیام کیلئے مشترکہ منصوبے شروع کرسکتے ہیں۔ فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر نگہت شاہد نے کانفرنس کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ اس کے ذریعے کاروباری خواتین کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے میں مدد ملے گی۔ کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین اظہر چوہدری نے کانفرنس کے تین روزہ ایونٹس پر مختصراًً روشنی ڈالی اور کہا کہ کانفرنس کی سرگرمیوں کے علاوہ آج رات ورکنگ جبکہ کل کلچرل ڈنر ہوگا۔ ملک بھر سے آئے ہوئے چیمبرز کی نمائندگی کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا جبکہ اس تقریب میں میاں محمد جاوید اقبال کے علاوہ ماہرین معاشیات اور غیر ملکی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress主题