قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس ”آج“پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا

Published on March 25, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 47)      No Comments

اسلام آباد(یواین پی) وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج(جمعہ) کوپارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس میں اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کیخلاف جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پیش کئے جانے کا امکان ہے جبکہ اہم اجلاس میں سب سے پہلے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی خیال زمان کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس ہو گا،پارلیمانی روایات کے مطابق رکن قومی اسمبلی کے انتقال کے بعد پہلے روز اجلاس تعزیتی ریفرنس کے بعد کوئی اور ایجنڈا لئے بغیر ملتوی کر دیا جاتا ہے۔قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت 11بجے ہو گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے این اے 33 ہنگوسے رکن قومی اسمبلی خیال زمان جن کا گزشتہ دنوں انتقال ہوگیا تھا قومی اسمبلی کے اجلاس میں ان کے لئے دعائے مغفرت کی جائیگی۔پارلیمانی روایات کے مطابق رکن قومی اسمبلی کے انتقال کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس تعزیتی ریفرنس کے بعد ملتوی کیا جاتا ہے،امکان ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی (آج) جمعہ کو بھی مرحوم خیال زمان کا تعزیتی ریفرنس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس پیر تک ملتوی کردیں جس کے بعد تحریک عدم اعتماد پیر کو قومی اسمبلی کے اعوان میں پیش کی جائیگی۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گزشتہ روز اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا تھا کہ وہ قومی اسمبلی کا غیر معمولی اجلاس آئین کے آرٹیکل 95اور قومی اسمبلی کے قواعد وضوابط 2007 کے رولز 37کے تحت سرانجام دیں گے۔آئین کے آرٹیکل 95کے تحت وزیراعظم کے خلاف ایوان کے کم ازکم20 فیصد ارکان کے دستخطوں سے تحریک عدم اعتماد جمع ہوسکے گی جبکہ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے 3دن بعد اور 7 دن سے پہلے پہلے اس پر رائے شماری ضروری ہے۔ قومی اسمبلی کے قواعد وضوابط 2007 کے رولز 37کے تحت وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد سیکرٹری قومی اسمبلی جلد ازجلد قومی اسمبلی کے ارکان کو اس سے متعلق تحریری طور پر آگاہ کریں گے،تحریک عدم اعتماد ایوان میں پیش ہونے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی تحریک پر بحث کرواسکیں گے تحریک پر بحث کروانے یانہ کروانے کا اختیار سپیکر قومی اسمبلی کے پاس ہوگا،تحریک عدم اعتماد ایوان میں پیش ہونے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی تحریک پر ووٹنگ کروائے بغیر قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی نہیں کرسکتے۔اس سے قبل متحدہ اپوزیشن نے8مارچ کو وزیر اعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد اور قومی اسمبلی اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کروائی تھی،اپوزیشن کی ریکوزیشن کا ون پوائٹ ایجنڈا تحریک عدم اعتماد تھی۔قانون کے مطابق اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع ہونے کے بعد14روز کے اندر اجلاس طلب کرنا ضروری ہے مگر سپیکر اسد قیصر نے او آئی سی کانفرنس کی وجہ سے قومی اسمبلی اجلاس ریکورزیشن کی مقررہ حد22مارچ کی بجائے25مارچ کو طلب کیا تھا۔سپیکر اسد قیصر نے اجلاس تاخیر سے بلانے کی بڑی وجہ قومی اسمبلی اجلاس کیلئے مناسب جگہ دستیاب نہ ہونا قرار دیا تھا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes