وزیراعظم محمد نواز شریف صدرامام علی رحمانوف کی دعوت پر تاجکستان کے 2 روزہ سرکاری دورہ پر روانہ

Published on July 5, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 614)      No Comments


اسلام آباد (یو این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف صدر امام علی رحمانوف کی دعوت پر بدھ کی صبح تاجکستان کے 2 روزہ سرکاری دورہ پر روانہ ہو گئے، اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان قریبی اور تعاون پر مبنی تعلقات استوار ہیں جو مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدے سے عبارت ہیں۔ دونوں ممالک خطہ میں امن، استحکام اور ترقی کیلئے یکساں سوچ رکھتے ہیں جبکہ دونوں ممالک کا اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی ایک جیسا مؤقف ہے۔ پاکستان ان چند ممالک میں سے ایک ہے جنہوں نے تاجکستان کی آزادی کو تسلیم کرتے ہوئے سفارتی تعلقات استوار کئے اور دوشنبے میں اپنا ریذیڈنٹ مشن کھولا۔ وزیراعظم کا تاجکستان کا دورہ ہمسایہ اور علاقائی ممالک کے ساتھ پاکستان کے مضبوط تعلقات اور علاقائی رابطوں کے فروغ کیلئے ان کے وژن کا عکاس ہے۔ دوشنبے میں دونوں ممالک کے رہنما تجارت و سرمایہ کاری، توانائی تعاون اور علاقائی رابطوں سمیت دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ پاکستان کی پرامن ہمسائیگی کی پالیسی پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت کریں گے۔ دورہ کے دوران ’’علاقائی یکجہتی کیلئے تزویراتی شراکت داری کی جانب شاہراہ‘‘ کے عنوان سے ایک مشترکہ اعلامیہ پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔ اس موقع پر مشترکہ کاروباری کونسل کا اجلاس بھی ہو گا جس میں دوطرفہ تجارت اور اقتصادی روابط کے فروغ کیلئے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ تاجکستان ’’کاسا 1000‘‘ کے رکن ممالک افغانستان، کرغزستان، پاکستان اور تاجکستان کے چار جہتی سربراہ اجلاس کی میزبانی بھی کر رہا ہے۔ اس منصوبہ کا مقصد توانائی راہداری کا قیام اور تاجکستان، افغانستان اور پاکستان کے مابین زمینی روابط استوار کرنا ہے۔ یہ پاکستان اور افغانستان کو تاجکستان اور ازبکستان میں پیدا ہونے والی بجلی بھی فراہم کرے گا۔ دورہ کے موقع پر باہمی دلچسپی کے علاقائی موضوعات پر تبادلہ خیال کیلئے پاکستان، افغانستان اور تاجکستان کے مابین سہ جہتی سربراہ اجلاس بھی منعقد ہونا طے ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Blog