کیپٹن صفدر کی سفارش رد،سپیکر ایاز صادق کا جوائنٹ سیکرٹری قبول کرنے سے انکار

Published on June 6, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 312)      No Comments

01
 اسلام آباد(یو این پی) وزیراعظم میاں نواز شریف کے داماد کیپٹن صفدر کے زریعے اعلیٰ بیورو کریسی میں تبادلوں کا رجحان شدت اختیار کر گیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کیپٹن صفدر کی سفارش نظر انداز کر کے ایک جوائنٹ سیکرٹری کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے داماد کیپٹن صفدر کی طرف سے اعلیٰ بیورو کریسی کے تبادلوں کیلئے مختلف وزارتوں کے سیکرٹریز اور وفاقی وزراء پر دبائو ڈالنے کا انکشاف ہوا ہے۔ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے بیورو کریٹس کے تبادلے کیلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگا دیتے ہیں۔ چند روز پہلے ایک جوائنٹ سیکرٹری کا تبادلہ کرنے کیلئے سردار ایاز صادق کو بھی مجبور کرنے کی کوشش کی گئی اور انہوں نے مذکورہ جوائنٹ سیکرٹری کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔ اسی طرح ایک من پسند لیکن بدنام افسر جوائنٹ سیکرٹری الطاف اصغر جو وزارت تجارت میں تعینات تھے سیکرٹری مواصلات پر دبائو ڈال کر انہیں مجبور کیا گیا کہ وہ الطاف اصغر کی ڈیمانڈ کریں بعد ازاں سیکرٹری تجارت پر دبائو ڈالا گیا کہ وہ مذکورہ جوائنٹ سیکرٹری کو اپنے پول سے چھوڑ دیں۔ سخت ترین دبائو ڈال کر جوائنٹ سیکرٹری الطاف صغر کو مواصلات کی وزارت میں لایا گیا اور یہاں تبادلے کے بعد الطاف اصغر کے فوری طور پر این ایچ اے اور اقتصادی راہداری کے معاملات میں خصوصی دلچسپی نے یہ راز کھول دیا ہے کہ ان کی یہاں تعیناتی کے پس پردہ کیا عزائم کارفرما ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Theme