شیخ فاﺅنڈیشن کے ممبران نے ہمیشہ قابل تقلید کردار ادا کیا ہے میاں محمد ادریس

Published on April 6, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 212)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)کار خیر کے کاموں میں حصہ لینا اللہ کی توفیق ہے اور اس سلسلہ میں شیخ فاﺅنڈیشن کے ممبران نے ہمیشہ قابل تقلید کردار ادا کیا ہے ۔یہ سلسلہ گزشتہ 15سالوں سے جاری ہے اور انشاءاللہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ یہ بات شیخ فاﺅنڈیشن کے صدر میاں محمد ادریس نے دو سال کے تعطل کے بعد ہونے والے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ مہنگائی کی وجہ سے خاص طور پر بیوگان کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا اس لئے اُن کے وظیفہ کی رقم کو دو ہزار سے بڑھا کے تین ہزار روپے ماہانہ کر دیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ فاﺅنڈیشن کے پلیٹ فارم سے مستحق بچیوں کی شادیوں، تعلیمی وظائف ، رمضان پیکج، علاج کی سہولتوں کے علاوہ کاروبا ر کیلئے بلا سود قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری رہے گا جس کیلئے مخیر حضرات کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ میاں محمد ادریس نے کہا کہ جو ممبران کسی وجہ سے اس اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے اُن سے بھی رابطہ کیا جائے تاکہ وہ بھی اس کارخیر کاحصہ بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ زکوة ، خیرات اور صدقہ دینا چاہتے ہیں مگر انھیں مستحق لوگ نہیں ملتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے شیخ فاﺅنڈیشن کے پلیٹ فار م پر ایسا جامع اور شفاف نظام وضع کیا ہے جس سے ایک ایک پیسہ مستحق لوگوں تک پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے اس نیک کام کیلئے وقت اور پیسہ دینے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ انھیں دنیا اور آخرت میں اس کا بہترین اجر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ روایات کے مطابق اس سال بھی رمضان کے دوران 5,000راشن پارسل اور 5ہزار سوٹ مستحق خاندانوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک راشن پارسل کی مالیت 5ہزار روپے ہو گی اور یہ اس سال بھی نظام دین ٹریڈرز سے بنوائے جائیں گے۔ ایک پارسل میں 5کلو کوکنگ آئل، 4کلو چینی، 5کلو باسمتی چاول، ایک کلو دال چنا، ایک کلو ثابت مسور، دو کلو بیسن ، شربت جام مشرق کی ایک بوتل، 190گرام چائے کی پتی، آدھ کلو سویاں اور ایک کلو کھجور شامل ہو گی۔ اس سے قبل نائب صدر رضوان اشرف نے دو سالہ اخراجات کی تفصیل پیش کی اور بتایا کہ کرونا کی وجہ سے ایگزیکٹو باڈی کا یہ اجلاس دو سال بعد ہو رہا ہے تاہم اس دوران بھی خدمت خلق کا سلسلہ بدستور جاری رہا ۔ انہوں نے بتایا کہ 1500سے زائد خاندانوں کو تعلیمی وظائف اور تعلیمی قرضے دیئے جا چکے ہیں جبکہ 700خاندانوں کے بچے اب بھی شیخ فاﺅنڈیشن کے تعاون سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں ان میں سے کچھ بچے انجینئرنگ، سی اے اور ایم بی بی ایس میں زیر تعلیم ہیں۔ شفیق رفیع نے ایک ہزار مردانہ جبکہ محمد ارشد اچھی نے اپنے ، خالد اور یوسف کی طرف سے ڈھائی ہزار لیڈیز سوٹ دینے کا وعدہ کیا۔ اس اجلاس میں میاں عمران غفور، شبیر حسین چاولہ، ایس ایم اقبال، ڈاکٹر اعجاز نثار، محمدیوسف موتی، ریحان اشرف، احمد سلیمان زاہد، بلا ل وحید ، جواد شفیق، محمد سلیم چاولہ، محمد بلال چاولہ، شیخ محمد خالد ، خواجہ محسن قمر، زاہد الرحمن، آصف عبدالرحمن، طیب رحمان، اتفاق احمد، عدیل فیاض ، حاجی عبدالرشید، محمد فاروق، حافظ محمد حنیف، محمد آصف، ذوالفقار احمد اور شیخ ثاقب نسیم نے بھی شرکت کی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Themes