ضلعی انتظامیہ کی مشینری پٹرول پمپس کی چیکنگ کے لئے بھی سرگرم عمل ہے علی شہزاد

Published on April 30, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 175)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے پٹرول پمپس پر ڈیزل کی دستیابی وفروخت کے حوالے سے آئل مارکیٹنگ کمپنیز سے اہم میٹنگ کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند کے علاوہ ڈی او انڈسٹریز شہباز خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں ڈیزل کے بحران سے نپٹنے کے لئے لائحہ عمل پر غوروخوض کیا گیا اور ڈپٹی کمشنر نے آئل مارکیٹنگ کمپنیز سے گذشتہ ایام کے سٹاک و سپلائی بارے آگاہی لی۔انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی پٹرول پمپس کو سپلائی کاغذی کارروائی تک محدود نہیں رہنی چاہیے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ پمپس کے ساتھ ساتھ ڈپوز پر ڈیزل کی دستیابی اور سپلائی ریکارڈ کو بھی چیک کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کمپنیز کے عہدیداروں سے کہا کہ وسیع تر عوامی مفاد اور گندم خریداری مہم کو سامنے رکھتے ہوئے ڈیزل کی ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں تاکہ گندم کی خرید کا ہدف مکمل ہواور آئندہ ماہ میں آٹے کی مکمل دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی مشینری پٹرول پمپس کی چیکنگ کے لئے بھی سرگرم عمل ہے اور اگر کسی جگہ کوئی گڑبڑ نظر آئی تو سخت قانونی ایکشن ہوگا۔ڈپٹی کمشنرنے آئل مارکیٹنگ کمپنیز کی طرف سے ڈیزل کی پمپس کو ہونے والی سپلائی کی تحصیل وائز تفصیل بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔اجلاس کے دوران متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پٹرول پمپس سے صرف20 کلو گرام تک کے ڈرمز/کینز میں ڈیزل فروخت کیا جاسکے گاجبکہ بحران پر قابو پانے کے لئے بیرلزوبڑی کیبنز اور منی ٹینکرز کو ڈیزل دینے پر پابندی ہوگی جس کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی اور عدم تعمیل پر متعلقہ پٹرول پمپ مالک جیل میں جائے گا۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو پمپس پر گہری نظر رکھنے،ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے اور سٹاک موجود ہونے کے باوجود فروخت نہ کرنے والوں کو جیل بھجوانے کا حکم دیا۔اس موقع پر آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے ارکان نے ڈیزل بحران پر قابو پانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ضلع میں ڈیزل کا بحران پیدا نہیں ہونے دیں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Themes