بڑی عید بڑا دھماکہ

Published on July 5, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 230)      No Comments

تحریر : ساجد آرائیں
اشتہاری ڈوگر کیپٹل سینما میں کنفرم ہو گئی ہے۔ پنجابی فلم کے شائقین کے لئے اس عید پر اس سے بڑی کوئی اور خوشخبری نہیں ہو سکتی ۔۔ سلطان راہی کے فرزند ارجمند حیدر سلطان راہی نے اپنے لڑکپن میں ہی فلم “ببرا” میں سلطان راہی کے زیر سایہ فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا لیکن انکے چائلڈش لُکس انہیں پنجابی فلموں میں وہ مقام نہ دلا سکے جو سلطان راہی کو حاصل تھا۔ وقت بدلا ، حالات بدلے اور حیدر سلطان راہی بھی بلکل مختلف انداز میں سامنے آئے۔ فلم بینوں کے سامنے اب لمبی لمبی زلفوں والا دبلا پتلا سا حیدر سلطان نہیں بلکہ سخت ڈیل ڈول والا ایک پہلوان نما حیدر سلطان تھا جسکی پیشانی پر سلطان راہی کی سی چمک تھی۔ آنکھوں میں وہی جاہ و جلال اور رگوں میں دوڑتا ہوا سلطان راہی کا خون۔ لیکن آپ بھی تسلیم کریں گے کہ اس سب کے باوجود حیدر سلطان کو ابھی تک وہ گیٹ اپ کبھی نہیں ملا تھا جو “اشتہاری ڈوگر” کی اوپننگ کے دن ہی سب کو نظر آ گیا اور ہر ایک کی زبان سے بے اختیار یہی الفاظ نکلے کہ پہلی نظر میں یوں محسوس ہوا جیسے سلطان راہی آ گیا ہو۔ ہر کسی نے حیدر سلطان کے اس گیٹ اپ کی تعریف کی اور اسے اب تک کا حیدر سلطان کا سب سے اہم گیٹ اپ قرار دیا جو حیدر سلطان کے فلمی کیرئیر کو ایک نیا موڑ دے گا۔
کہتے ہیں کہ باپ پر پوت پتا پر گھوڑا ، بہت نہیں تو تھوڑا تھوڑا ۔ لیکن “اشتہاری ڈوگر” میں حیدر سلطان راہی کو دیکھ کر کون ہو گا جس کو حیدر پر سلطان راہی کا گماں نہ گزرا ہو۔ سلطان راہی بلا شبہ اپنی مثال آپ تھے ۔ ویسا تو کوئی اور ہو ہی نہیں سکتا۔ لیکن یہاں کوئی اور نہیں بلکہ انکا اپنا خون ہے۔ وہ ہے جسکو چھو کر ہم سلطان راہی کو محسوس کرتے ہیں۔ یہاں سلطان راہی کا روپ لینے والا کسی ایک ہدایتکار کا سکھایا ہوا بچہ جمہورا نہیں ہے بلکہ حقیقی وارث ہے۔ اور اس وارث کی وراثت وہ گیٹ اپ پہلی بار جس انداز میں “وحشی ڈوگر” میں نظر آئی ہے یہ واقعی پہلی بار ہے۔

جناب محمد کمال پاشا کے لکھے ہوئے عوامی مکالمے اس عوامی فلم کو دھواں دار بنائیں گے۔ پاشا صاحب کے لکھے ہوئے مکالموں کی حال میں ہی ایک یادداشت “جیلر تے قیدی” بیان کی تھی۔ کہ تاریخ کب رقم ہوئی تھی۔ اب پاشا صاحب اکثر فرماتے ہیں کہ اب ہم پنجابی عوامی مکالمے کس کے لئے لکھیں جب کوئی بولنے والا ہی نہیں ہے۔ لیکن اس فلم میں محمد کمال پاشا نے اگر مکالمے لکھ دئیے ہیں تو سمجھ لیں کہ انہیں حیدر سلطان راہی میں سلطان راہی کس جوبن میں نظر آئے ہوں گے۔ اس بڑی عید پر بڑی بڑی فلمیں نمائش کے لئے تیار ہیں۔ لندن نہیں جانے والے لندن جائیں یا کہیں بھی۔ قائد اعظم زندہ باد تو یورپ اور آسٹریلیا میں بھی ریلیز ہو رہی ہے لیکن آسٹریلیا چوک ںرانڈرتھ روڈ والے ، گجر پورہ تاجپورہ چائنہ اسکیم گڑھی شاہو اندرون لاہور اور لاہور بھر کی عام پبلک ، عوام الناس کے لئے لکشمی چوک پر ایک ہی فلم ہے جو کیپیٹل سینما میں عید کے لئے آج کنفرم ہو گئی ہے۔ حیدر سلطان راہی سولو ہیرو، محمد کمال پاشا کی لکھی ہوئی کہانی و مکالمے ، مسعود بٹ سی اے پی کی کہنہ مشق عکاسی ، موسیقار طافو کی تھرتھراتی موسیقی ، روایتی پنجابی گیت ، ہدایتکار وحید اعوان ۔ اور ہمارے پیارے دوست فلمساز سردار سرفراز ڈوگر کے خوابوں کی تعبیر
اشتہاری ڈوگر ۔۔۔۔ آ رہا ہے۔
بڑی عید کے دن سے۔ آپکے قریبی سینما گھروں میں ۔۔۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy