ایک سال بعد دھاندلی کا الزام لگانا اور مظاہرہ کرنا درست نہیں،امیر حیدر ہوتی

Published on May 14, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 210)      No Comments

555
اسلام آباد ۔۔۔عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و رکن قومی اسمبلی امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے دورہ ایران سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی، ایران ہمارا ہمسایہ ملک ہے ان سے تعلقات کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کا معاہدہ کیا تھا ، اس معاہدہ کو آگے بڑھانے کے لئے بات چیت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت توانائی کا بحران ہے، ہمیں کسی کے پریشر میں آئے بغیر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین کے حوالے سے کہا کہ اس کے لئے ایک طریقہ کار اور وقت کی ضرورت ہوتی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ الطاف حسین کو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری کیا جائے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے حکومت اور طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ مذاکرات ناکام ہو چکے ہیں، اتنے ماہ گزرنے کے باوجود کسی نتیجہ پر حکومت نہیں پہنچ سکی۔ عمران خان کے احتجاجی مظاہرہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کا ایک سال بعد دھاندلی کا الزام لگانا اور مظاہرہ کرنا درست نہیں، وہ عدالتوں میں جائیں، مکمل ثبوت فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں کسی کی خواہشات کے مطابق فیصلہ نہیں کر سکتیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress主题