ٹھٹھہ (یواین پی/ حمید چنڈ)ملک بھر کی طرح ضلع ٹھٹہ میں بھی 14 اگست کے دن 75ویں ڈائمنڈ جوبلی یوم آزادی کی اہم تقریب انتہائی جوش و خروش سے پولیس گراؤنڈ مکلی میں منعقد کی گئی، تقریب کا آغاز ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری اور ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو نے دیگر افسران کے ہمراہ پاکستان کا قومی پرچم لہرانے کے بعد کیا۔ اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بجاکر پولیس کے جوانوں اور اسکاؤٹس کی جانب سے پریڈ کرتے ہوئے سلامی بھی پیش کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے کہا کہ اللہ رب العزت نے ہمیں جو آزادی دی ہے وہ ایک بڑی نعمت ہے جسکا قدر کشمیر اور فلسطین کے لوگوں سے پوچھیں جو آزادی جیسی نعمت سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے آزادی کے لئے بہت جدوجہد اور قربانیاں دیں جس کے بعد 14- اگست 1947ء کو قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستان ایک آزاد ملک کی حیثیت سے نروار ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں اور ایک آزاد ملک میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ آزادی ہمیں اتنی آسانی سے نہیں بلکہ آزادی کے حصول کے لیے ہمارے آباؤ و اجداد نے سخت محنت کی اور جان، مال، عزت و آبرو سمیت عظیم قربانیاں دی ہیں، آج ہمیں اپنے آباؤ و اجداد کی قربانیوں کو یاد کرنا چاہیے اور انہیں سلام پیش کرتے ہیں جن کی وجہ سے ہمیں یہ نعمت ملی۔ انہوں نے کہا کہ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ پہلے ایک مضبوط قوم بنیں تاکہ ہماری اگلی نسلیں ہمیں اچھے الفاظ میں یاد رکھے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی چاہے کسی بھی مذہب، رنگ و نسل اور زبان سے تعلق رکھتا ہو انہیں پہلے یہ طئہ کرنا چاہیے کہ سب سے پہلے وہ پاکستانی ہیں اور پاکستانی ہونے کے ناطے ہم سب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اس ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا بھرپور کردار ادا کریں چاہے ہم کسی بھی شعبہ سے تعلق رکھتے ہوں۔ انہوں نے عوام باالخصوص والدین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں، تعلیم ایک ایسا زیور ہے جسے کوئی چھین نہیں سکتا جبکہ تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو نے کہا کہ آج کا دن پوری قوم کے لیے بڑی خوشی اور جشن کا دن ہے جو ہمیں آزادی جیسی نعمت نصیب ہوئی اور ایسی آزادی کی قدر و قیمت کا اندازہ ان قوموں کو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے جو اس قدرتی نعمت سے محروم ہیں۔ قبل ازیں مختلف سرکاری و نجی اسکولوں کے طلباء و طالبات نے ٹیبلوز، قومی نغمے، تقاریر اور نعت خوانی پیش کی جبکہ استاد اشرف اور رحیم علی بلال کی سربراہی میں کراٹے شو پیش کرکے خوب داد حاصل کیا ۔ تقریب کے اختتام پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سرکاری و نجی اسکولوں کے طلبہ و طالبات، اساتذہ، اسکاؤٹس میں سرٹیفکیکٹس، شیلڈز اور نقد انعامات جبکہ افسران و عملے میں بھی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی، اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹہ عبدالغفار شیخ، ڈی ای او سیکنڈری نصیر میمن، ڈی ایس پی افضل بیگ، ڈی ایس پی سید افتخار شاہ، چیف میونسپل آفیسر سکندر حیات بلوچ، ڈسٹرکٹ مینیجر سرسو احمد خان سومرو کے علاوہ محکمہ تعلیم، روینیو، صحت، لوکل گورنمنٹ، جنگلات، انفارمیشن اور دیگر مختلف محکموں کے افسران، صحافی، اساتذہ، طلبہ و طالبات، مختلف این اوز کے نمائندوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے دیگر افسران کے ہمراہ پولیس لائن مکلی کے احاطے میں محکمہ جنگلات کے تعاون سے پودے لگاکر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا۔