ضلع میں موجود اسکولز کے عادی غیر حاضر اور مفرور اساتذہ کے خلاف کارروائی؛ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری

Published on August 19, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 103)      No Comments

ٹھٹھہ (یواین پی/رپورٹ حمید چنڈ): چیئرمن ڈسٹرکٹ اوور سائٹ کمیٹی و ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری کی زیر صدارت ضلع میں موجود اسکولز کے عادی غیر حاضر اور مفرور اساتذہ کے خلاف کارروائی سمیت سہولیات کی کمی و دیگر مسائل کا جائزہ لینے کے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری، ڈسٹرکٹ چیف مانیٹرنگ افسر اوم پرکاش، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر (سیکنڈری) محمد نصیر احمد میمن، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر (پرائمری) عبدالرحیم سومرو کے علاوہ ایجوکیشن ورکس، لٹریسی، تعلقہ ایجوکیشن افسر ٹھٹھہ سید فدا حسین شاہ و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے بچے اس قوم کے معمار ہیں، تمام محکموں کو عوامی خدمات باالخصوص بہتر تعلیم کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی ای او سیکنڈری نے بتایا کہ 78 مفرور اور عادی غیر حاضر اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے جبکہ ایک ہفتہ کے اندر ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 106 عادی غیر حاضر اور مفرور اساتذہ کے خلاف گذشتہ فیصلے کے تحت ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسر کو خط ارسال کیا جائے گا تاکہ ان کے خلاف مختلف قسم کی کارروائی عمل میں لائی جا سکے، اس کے علاوہ ڈی ای او پرائمری کو پابند کیا گیا کہ 256 دیگر عادی غیر حاضر اساتذہ کو فوری طور پر شوکاز نوٹیس جاری کیا جائے۔ اجلاس میں ضلع میں جہاں بھی اسکولی عمارات کا تعمیراتی کام مکمل نہیں ہوا ان اسکیموں کے متعلق ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو انکوائری کیلئے خط ارسال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ایکسین ایجوکیشن ورکس کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر ضلع کے تمام خستہ حال اسکولوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کریں تاکہ ان کی فوری مرمت تزئین و آرائش کے متعلق مزید حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔ انہوں نے انہیں مزید ہدایت کی کہ نئی تجویز کردہ اسکیموں کی فہرست بھی چیف مانیٹرنگ افسر کو پیش کی جائے تاکہ تصدیق کی جا سکے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم و دیگر تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کی وہ مختلف اسکولز کے دوروں کو یقینی بنائیں اور جاری پروفارما کے تحت اپنی اپنی رپورٹ پیش کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث متاثرہ اسکولز کو اسکولی خیموں کی فراہمی کے متعلق پی ڈی ایم کو خط ارسال کیا جا رہا ہے تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو سکے۔ قبل ازیں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے اسکولی عمارات کی صورتحال و دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Themes