ڈویژنل پبلک سکول کی ٹیم نے ڈویژنل لیول انڈر 16سینٹرل پنجاب سکولز کرکٹ چیمپیئن شپ کا فائنل بھی اپنے نام کرلیا

Published on October 31, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 62)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)ڈویژنل پبلک سکول کی ٹیم نے ڈویژنل لیول انڈر 16سینٹرل پنجاب سکولز کرکٹ چیمپیئن شپ کا فائنل بھی اپنے نام کرکے اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔بوہڑانوالی گراؤنڈ میں ڈویژنل پبلک سکول اورگورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول جڑانوالہ کی ٹیموں کے مابین فائنل میچ ہوا جس میں اسلامیہ سکول کی ٹیم 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 74 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور ڈی پی ایس کی ٹیم نے میچ 193 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔ڈی پی ایس کی ٹیم کے شعبان احمد ڈویژنل مقابلوں کے بہترین پلیئر قرار پائے۔کمشنر کی ہدایات پر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے چیمپیئن شپ میں کھلاڑیوں وآفیشلز کے ٹرانسپورٹیشن سمیت قیام وطعام اور انعامات کیلئے مالی معاونت فراہم کی جبکہ ضلعی لیول کے مقابلوں کے لئے بھی میٹروپولیٹن نے اخراجات برداشت کئے تھے۔ڈویژنل کمشنر محمد شاہد نیاز اور ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ اس موقع پر مہمانان خصوصی تھے جنہوں نے ونراور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں میں ٹرافیزتقسیم کیں۔سی ای او ایجوکیشن افتخار خان،اسسٹنٹ کمشنر سٹی وقاص سکندری،ماہر تعلیم محمد اختر بٹ،انچارج ضلعی ایمرجنسی آپریشنل سنٹرمحمد صادق،سابق کرکٹر شاہد نذیر،ممبر سینٹرل پنجاب سکول کرکٹ چیمپیئن شپ سرفراز باجوہ، پرنسپل ڈپی پی ایس شاہد محموداورکھلاڑی وآفیشلزبھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے انڈر16 سینٹرل پنجاب سکول کرکٹ چیمپیئن شپ ڈویژنل لیول مقابلوں کی ونر ڈی پی ایس کی ٹیم،کوچ اور پرنسپل کو مبارکباد اور گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول جڑانوالہ کی ٹیم کو محدود وسائل کے باوجود فائنل جیسے بڑے معرکہ میں پہنچنے پر ان کی مثالی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی سرپرستی میں ضلع اور ڈویژنل لیول کے کرکٹ مقابلوں کا کامیاب اور پرسکون انداز میں انعقاد قابل ستائش ہے۔انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں کے بچوں کو گراؤنڈز میں دیکھ کر امید دوبارہ روشن ہوئی ہے کیونکہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔ڈویژنل کمشنر نے بوہڑانوالی گراؤنڈ کی تاریخی حیثیت اور اس میدان میں ہونے والے عالمی مقابلوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج کھلاڑیوں کو جذبہ سے کھیلتے ہوئے دیکھ کرحقیقی مسرت ہوئی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گزشتہ سال کی رنر اپ ڈی پی ایس کی ٹیم اس بار سینٹرل پنجاب کرکٹ چیمپیئن شپ جیت کر لوٹے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کو سراہا اور کہا کہ سکول سطح پر یہ کامیاب چیمپیئن شپ تھی۔انہوں نے کہا کہ مقابلوں سے نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آیا ہے جو صوبائی سطح پر بھی ضلع کا نام روشن کریں گے۔انہوں نے چیمپیئن شپ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کے عمدہ کھیل کی تعریف کی اور کہا کہ ہارجیت کھیل کا حصہ ہے اور اصل جیت سپورٹس مین سپرٹ ہے لہذا کھلاڑی صوبائی مقابلوں میں بھی تحمل،برداشت اور رواداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کو پروان چڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کرکٹ سمیت کھیلوں کی ترویج وترقی کے لئے اقدامات اور سکول سطح کے کھلاڑیوں کو کھیلوں میں شرکت کے یکساں مواقع فراہم کرتی رہے گی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress主题