چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کا 75واں یوم پیدائش آج منایا جائیگا

Published on October 2, 2013 by    ·(TOTAL VIEWS 698)      No Comments

\"3\"
کراچی (یواین پی) ستارہ امتیاز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کرنے والے پاکستان فلم انڈسٹری کے چاکلیٹ ہیرو وحید مراد کی 75ویں سالگرہ آج (بدھ کو) منائی جائے گی۔ اس موقع پر ملک بھر کے نگار خانوں میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ وحید مراد کے پرستار بھی خصوصی پروگرامات منعقد کریں گے۔ اس موقع پر لیجنڈ وحید مراد کی فلم انڈسٹری کیلئے ناقابل فراموش خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔ چاکلیٹ ہیرو وحید مراد 2اکتوبر 1938ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے اپنی تعلیم کراچی گرامر سکول ، ایس ایم آرٹس کالج کراچی سے مکمل کی اور یونیورسٹی آف کراچی سے انگلش لٹریچر میں ماسٹر کیا ۔وہ ممتا ز فلم ڈسٹری بیوٹر نثار مراد کے اکلوتے صاحبزاد اور سلمیٰ مراد کے خاوند تھے ۔ ستارہ امتیاز، لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ، نگارڈ ایوارڈ سمیت دیگر ایوارڈز حاصل کرنے والے فلمی ہیرو وحید مراد نے 1959ء میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور 1983ء میں اپنی وفات تک ان کا 25سالہ فنی سفر انتہائی کامیابیوں و کامرانیوں سے مزین رہا۔ وہ بیک وقت فلم ایکٹر ، پروڈیوسراور سکرپٹ رائٹر بھی تھے۔ وحید مراد لورز فیڈریشن کے ترجمان نے یواین پی کو بتایاکہ وحید مراد کی بہترین فلموں میں دل میرا دھڑکن تیری ، ہیرا اور پتھر ، ارمان، عندلیب، مستانہ ماہی ، انسانیت، دیور بھابھی، دوراہا، ماں باپ، احسان، جہاں تم وہاں ہم، نصیب اپنا اپنا، انجمن ، بہارو پھول برساؤ، عشق میرا ناں ، شمع، جب جب پھول کھلے، شبانہ ، سہیلی، پرکھ ، خدا اور محبت ، آواز ، بہن بھائی، ناگ منی، مستانی محبوبہ ، لیلیٰ مجنوں ، عزت ،دلربا، راستے کا پتھر، محبوب میرا مستانہ ، ناگ او ناگن، پرستش ، آدمی، وعدے کی زنجیر ، راجہ کی آئیگی بارات، ضمیر، بدنام، گن مین، کرن اور کلی ، گھیراؤ ، آہٹ ، مانگ میری بھر دو، ہیرو ، زلزلہ ، مقدر ، آنکھوں کے تارے، آس پاس ، انداز وغیرہ شامل ہیں۔ یواین پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے مزید بتایاکہ وحید مراد نے 115اردو، 8پنجابی، 1پشتو فلم میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے اپنے دور کی چوٹی کی فلم سٹارز زیبا ، شمیم آراء، رانی، نغمہ، عالیہ، سنگیتا، کویتا،آسیہ، شبنم، دیبا ، بابرہ شریف ، رخسانہ ، بہار او ر نیلو کے ساتھ بھی ادا کاری کے جوہر دکھائے۔25 سال تک لالی ووڈ پر حکمرانی کرنے والے چاکلیٹ ہیرو وحید مراد 23نو مبر 1983ء کو 45سال کی عمر میں اپنے مالک حقیقی سے جا ملے ۔وحید مراد کی سالگرہ کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرا م نشر کریگا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص اشاعتوں کا اہتمام کیا جائیگا۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme