اکنامک ڈپلومیسی پاکستانی خارجہ پالیسی کا اہم جز ہے؛ حنا ربانی کھر

Published on March 3, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 104)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی/ایم ایس مہر)وزیر مملکت برائے خارجہ امور محترمہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ اکنامک ڈپلومیسی پاکستانی خارجہ پالیسی کا اہم جز ہے جس کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کیلئے ملک کے سرکردہ تاجروں کی خدمات بھی حاصل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامر س اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طار ق سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ کرونا، عالمی مندے اور روس یوکرین جنگ نے کمزور معیشتوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے لیکن اِس کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے قومی برآمدات میں فیصل آباد کے کردار کو سراہا تاہم کہا کہ ہمیں غیر روایتی مصنوعات کی غیر روایتی منڈیوں کو برآمدات بڑھانے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے آئی ٹی کی اہمیت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس شعبے سے فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان کے غیر ملکی سفارتخانوں کو متحرک کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل ڈاکٹر خرم طارق نے برآمدات میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس میں اضافہ کیلئے تاجروں اور صنعتکاروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی برآمدات میں ہمارا مقابلہ انڈیا، بنگلہ دیش اور ویتنام سے ہے اِس لئے ہمارا بجلی کا ٹیرف علاقائی ملکوں کے مساوی ہونا چاہیے تاکہ ہمارے برآمد کنندگان عالمی منڈیوں میں اُن کا مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے محترمہ حنا ربانی کھر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کی بھی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes