ٹھٹھہ کو باب الاسلام کا حاصل ہے ڈپٹی کمشنر غلام فاروق سومرو

Published on March 21, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 71)      No Comments


ٹھٹھہ(یواین پی/ حمید چنڈ) ٹھٹھہ ڈپٹی کمشنر غلام فاروق سومرو کی زیر صدارت دربار ہال مکلی میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینیجمنٹ کوئٹہ کی جانب سے 36ویں مڈ کیریئر مینیجمنٹ کورس کے مطالعتی دورے پر آئے ہوئے 37 افسران پر مشتمل وفد سے اجلاس منعقد ہوا۔ وفد کو ضلع ٹھٹھہ کی تاریخ، ثقافت، ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت و دیگر انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر غلام فاروق سومرو نے بتایا کہ ٹھٹھہ سندھ کا قدیم اور پرامن ضلع ہونے کے ساتھ ماضی میں علم و ادب کا مرکز بھی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ کی نہ صرف ہزاروں سال پرانی تاریخ بلکہ ماضی میں سندھ کی تختگاہ رہنے کے ساتھ اسلام کی ابتدا بھی یہاں سے ہوئی جس کے باعث ٹھٹھہ کو باب الاسلام کا لقب بھی حاصل ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے وفد کو بتایا کہ ماضی میں ضلع ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے کیٹی بندر، شاہ بندر اور دیبل جیسی بندر گاہیں کاروباری مراکز کے لحاظ سے اہمیت کے حامل رہے ہیں جبکہ یورپ اور ایشیا کے ممالک کا کاروبار بھی یہاں سے ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تاریخی مغل دور کی شاہجہان مسجد، دبگیر مسجد، سونڈا قبرستان، بھمبھور، کینجھر و ہالیجی جھیل اور قدیم مکلی قبرستان تاریخ کے انمول اور حیرت انگیز و دلچسپ مقامات موجود ہیں جبکہ ماضی میں تعلیمی اور مذہبی لحاظ سے یہاں سینکڑوں مدرسے اور یونیورسٹیاں بھی قائم تھیں، دنیا کے مختلف ممالک سے علم کے پیاسے یہاں آکر دینی اور دنیاوی تعلیم حاصل کرتے تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ٹھٹھہ عظیم بزرگ ہستیوں کا شہر ہے جہاں مخدوم محمد ہاشم ٹھٹھوی، شاہ مراد شیرازی، عبداللہ شاہ اصحابی کے علاوہ سمہ دور میں سندھ پر 48 سال تک راج کرنے والے جام نظام الدین سموں عرف جام نندو، مشہور جنرل و سپہ سالار دولہ دریا خان و دیگر کئی مشہور و معروف شخصیات کے تاریخی مقبرے بھی موجود ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مہمانوں کو ضلع میں ترقیاتی منصوبوں کے متعلق آگہی دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو مطلوبہ بنیادی سہولیات فراہم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اس ضمن میں سندھ حکومت کی منظوری سے یہاں آئی بی اے اور سندھ یونیورسٹی کیمپس جیسے ادارے بھی قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ ضلع قدرتی وسائل سے مالا مال ہے یہاں سے قیمتی پتھر، پیٹرول اور گیس و دیگر معدنیات بھی دریافت ہوتی ہیں جبکہ ملک کا ایک بہت بڑا ونڈ کوریڈور بھی اسی ہی ضلع میں ہے جوکہ کئی میگاواٹ بجلی پیدا کرکے قومی گرڈ اسٹیشن کو فراہم کرتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹھٹھہ پرامن ضلع ہے یہاں دہشتگردی، ٹارگیٹ کلنگ اور مذہبی فسادات کا کوئی بھی عنصر نہیں۔ اس موقع پر وفد کی جانب سے مختلف امور پر سوالات کئے گئے جس پر ڈپٹی کمشنر نے تسلی بخش جوابات بھی دیئے۔ وفد نے بریفنگ اور تعاون پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور ادارے کی جانب سے شیلڈ بھی پیش کی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری نے مہمانوں کو شیلڈ، سندھی ٹوپی اور اجرک کے تحائف پیش کئے۔ قبل ازیں وفد نے مکلی قبرستان، شاہجہان مسجد، کینجھر جھیل، بھمبھور و دیگر تاریخی مقامات کا دورا بھی کیا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题