بین الاقوامی ادارے پاکستان سے سستی مصنوعات لیکر اپنے برانڈز کے ذریعے ان کو مہنگے داموں بیچ کے بھاری منافع کما رہے ہیں سفیر شعیب سرور

Published on June 3, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 64)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی/ایم ایس مہر)ڈنمارک میں پاکستان کے نامزد سفیر شعیب سرور نے کہا ہے کہ اُن کی تعیناتی کا سب سے بڑا مقصد تجارت کا فروغ ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے وہ نہ صرف بزنس کمیونٹی سے براہ راست مشاورت کریں گے بلکہ انھیں ہر ممکن سہولتیں مہیا کرنے کی بھی کوششیں کی جائیں گی۔ وہ آج فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے عالمی تجارت میں فیصل آباد کی ٹیکسٹائل سیکٹر کی بالا دستی کا ذکر کیا اور کہا کہ ڈنمارک کو برآمدات کرنے والوں میں فیصل آباد کی صرف ایک فرم ہے جبکہ سیالکوٹ، لاہور اور کراچی کی کئی فرمیں اس چھوٹے سے ملک کو برآمد کر کے بھاری زرمبادلہ کما رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاید فیصل آباد کے برآمد کنندگان نے ڈنمارک پر توجہ نہیں دی تاہم اب ان کو اپنی سمت کو درست کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اُن کی خواہش ہو گی کہ اُن کے دور میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا وفد ڈنمارک کا دورہ کرے تاکہ ٹیکسٹائل کی برآمدات کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے برآمد کنندگان انہیں بتائیں کہ انھیں ڈنماک کو تجارت بڑھانے کیلئے کس قسم کی سہولتیں درکار ہیں تاکہ وہ اِن کا بندوبست کر سکیں۔ انہوں نے ا ی کامرس کی اہمیت پربھی روشنی ڈالی اور کہا کہ بہت سے بین الاقوامی ادارے پاکستان سے سستی مصنوعات لیکر اپنے برانڈز کے ذریعے ان کو مہنگے داموں بیچ کے بھاری منافع کما رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں انہوں نے بتایا کہ 7ڈالر کی چیز خرید کے اسے 70ڈالر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ اس صورتحال میں پاکستانی برآمد کنندگان کو امیزون کے ذریعے براہ راست بین الاقوامی خریداروں تک رسائی حاصل کرنا ہوگی۔ ڈنمارک کے درآمد کنندگان سے رابطوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی برآمد کنندگان انھیں اپنے مسائل سے آگاہ کریں تو وہ متعلقہ کمپنیوں سے اُن کی زوم پر ملاقاتیں بھی کر اسکتے ہیں۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے شعیب سرور کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا تعارف پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تاجروں کا یہ منتخب ادارہ نصف صدی سے تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے جبکہ اِس کے ممبروں کی تعداد 8500ہے۔ انہوں نے اس کو ملک کا تیسرا بڑا چیمبر قرار دیا اور کہا کہ فیصل آباد میں ملک کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد چیمبر کے ممبروں کا تعلق معیشت کے 118سیکٹرز اور سب سیکٹرز سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈنمارک نسبتاً چھوٹا ملک ہے مگر اس ملک کے لوگوں کی قوت خرید کے حوالے سے تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع ہیں۔ انہوں نے ڈنمارک کے تعاون سے فیصل آباد میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس ملک کی معاشی طاقت اِس کا ڈیری اور قابل تجدید توانائی سیکٹر ہیں جبکہ ہمیں اُن کے تجربہ اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ فیصل آباد سے ڈنمارک کو برآمدات کم ہیں مگر 50بڑے برآمد کنندگان میں سے نصف تعداد فیصل آباد سے تعلق رکھتی ہے۔ انہوں نے ڈنمارک کی دو بڑی ٹیکسٹائل کمپنیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ پاکستان سے خریداری نہیں کر رہیں جن کو ترغیب دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بری معیشت میں بھی اچھی سفارتکاری جبکہ بری سفارتکاری میں بھی معیشت کو بڑھاوا دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال پاکستان کو 2سال کیلئے جی ایس پی پلس کی سہولت مل گئی ہے جبکہ آئندہ اس میں توسیع کیلئے ہمیں ڈنمارک کی حمایت کی ضرورت ہو گی۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر میاں جاوید اقبال نے کہا کہ ڈنمارک میں پاکستانی طلبہ کیلئے زیادہ سے زیادہ تعلیمی وظائف حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ ہم اپنے نوجوانوں کو جدید علوم کی تربیت دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افرادی قوت بڑی تعداد میں موجود ہے جسے ہنر مند بنانے کی ضرورت ہے تاکہ انھیں قانونی طریقوں سے بیرون ملک بھیج کے زیادہ سے زیادہ ترسیلات زر حاصل کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں تربیت حاصل کر کے زیادہ سے زیادہ مواقع مہیا کرنے ہوں گے۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان فیصل آباد کی ڈائریکٹر میڈم ناہید اختر نے اس میٹنگ کو انتہائی نتیجہ خیز قرار دیا اور کہا کہ فیصل آباد کے برآمد کنندگان کو ویبی نارز اور زوم میٹنگز کے ذریعے ڈنمارک کے تاجروں تک رسائی کی سہولت بھی مہیا کی جائیگی۔ سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے ڈنمارک کے ٹورازم کے تجربہ سے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کی راہیں کھولنے پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر سوال و جواب کی نشست میں سابق صدر ایوب صابر، میاں محمد شفیق، ایگزیکٹو ممبرشفیق حسین شاہ، محمد اظہر چوہدری، غلام حسین، میاں محمد طیب، فیصل علی، سابق ایگزیکٹو ممبر شیخ محمد فاضل،حاجی محمد عابد اور نعمان ملک نے حصہ لیا جبکہ نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجا د ارشد نے نامزد سفیر شعیب سرو ر کو فیصل آباد چیمبر آف کامر س اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ نامزد سفیر شعیب سرور نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے اور چیمبر کے ممبروں کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes