سویا بین کی نئی تیار کردہ اعلیٰ پیداواری اقسام کے 100 نمائشی فیلڈز قائم

Published on June 15, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 51)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی/ایم ایس مہر)جامعہ زرعیہ فیصل آبادنے کسانوں کے فارمز میں سویا بین کی نئی تیار کردہ اعلیٰ پیداواری اقسام کے 100 نمائشی فیلڈز قائم کردیئے ہیں آئندہ برس انہیں صوبائی و وفاقی حکومت کے تعاون سے1000 تک بڑھا دیا جائے گاجس سے ہر سال اربوں روپے کی سویا بین کی امپورٹ کو کم کرنے میں مدد ملے گی جبکہ یونیورسٹی کی جانب سے زرعی مسائل کے حل کیلئے بھی تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔جامعہ زرعیہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے ایک ملاقات کے دوران بتایا کہ ہمارے ترقی پسند کسان 60 سے 80 من فی ایکڑ گندم حاصل کر رہے ہیں جبکہ اوسط پیداوار30 من ہے جویہ ظاہر کرتا ہے کہ ہمارے ہاں ٹیکنالوجی تو دستیاب ہے تاہم آگہی کی کمی اور مالی مشکلات کی وجہ سے کسان جدید زرعی رجحانات کو اپنانے سے گریزاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1960کے سبز انقلاب میں گندم کے نئے بیج میکسی پیک کو متعارف کرایا گیا تھا جس سے پیداوار کئی گنا بڑھ گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں میکنائزیشن، جی ایم فصلوں، جدید ٹیکنالوجی، ویلیو ایڈیشن اور بہتر تجارت اور زیادہ پیداواریت کے حامل بیج کو اپنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ زمین کی زرخیزی میں کمی افراد میں زنک اور آئرن کی بڑے پیمانے پر کمی کا باعث بن رہی ہے لہٰذا اس مسئلہ کے حل کیلئے ہمیں قومی سطح پر کاوشیں بروئے کار لانا ہونگی۔انہوں نے مزیدکہا کہ زرخیز زرعی اراضی کو رہائشی کالونیوں میں تبدیل کرنا ملک کیلئے ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے لہٰذا حکومت کو اس جانب بھی فوری توجہ مبذول کرنا ہوگی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Theme