معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کا بیٹا گولی لگنے سے جاں بحق

Published on October 30, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 258)      No Comments

خانیوال(یو این پی) معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کا بیٹا عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ ڈی ایس پی میاں چنوں سلیم مارتھ کے مطابق عاصم جمیل نے اپنے سینے پر گولی مار کر خود کشی کی، انہیں تشویشناک حالت میں تلمبہ رورل ہیلتھ سنٹر پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔عاصم جمیل کی موت کی رورل ہیلتھ سینٹر کے ڈاکٹروں نے بھی تصدیق کردی۔ڈی ایس پی میاں چنوں کا کہنا ہے کہ عاصم جمیل کی خود کشی کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔مولانا طارق جمیل نے اپنے ایکس ( ٹوئٹر ) پیغام میں بیٹے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے۔ بیٹے کی موت کو حادثاتی قرار دیتے ہوئے انہوں نے سب سے بیٹے کے لیے دعائے مغفرت کی درخواست کی ہے۔دریں اثنا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی موت کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ شواہد اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پی او خانیوال اور سینئرپولیس افسران موقع پرموجود ہیں اور شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔
انوارالحق کاکڑ، شہباز شریف، راجہ پرویز اشرف، مرتضی سولنگی کا اظہار افسوس
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ مولانا طارق جمیل صاحب اور ان کے اہل خانہ سے جواں سال فرزند عاصم جمیل کی وفات پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ اس حادثے پر ہم سب آپ کے غم میں شریک ہیں۔ یقیناً یہ ایک ناقابل برداشت غم ہے۔ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں آپ کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مولانا طارق جمیل کے فرزند کے انتقال پر دلی رنج کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مولانا طارق جمیل اور اہلخانہ کو اس مشکل گھڑی میں صبر عطا فرمائیں۔دریں اثنا نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا طارق جمیل اور اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، جواں سال بیٹے کا جاں بحق ہونا ایک باپ کے لیے ناقابل برداشت صدمہ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题