مریم نواز جنوبی پنجاب کے طلباء کو (آج) 100 فیصد فیس کی واپسی کے چیکس تقسیم کریں گی

Published on June 10, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 564)      No Comments

4
اسلام آباد ۔۔۔ وزیراعظم کی طلباء کیلئے فیس واپسی کی اسکیم کے تحت جنوبی پنجاب کے 4500 سے زائد پوسٹ گریجویٹ طلباء (آج) منگل کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے مستفید ہوں گے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 21 مئی کو بلوچستان میں اسکیم کا افتتاح کیا تھا جس کے تحت طلباء کیلئے 100 فیصد فیس قابل واپسی بنائی گئی جبکہ 2 جون کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن محترمہ مریم نواز نے پشاور میں اسکیم کا آغاز کیا۔ پیر کو یہاں چیئرپرسن مریم نواز کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں 100 فیصد فیس کی واپسی کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن مریم نواز ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، لیہ، میانوالی، بھکر، خوشاب، اٹک سمیت جنوبی پنجاب کے کم ترقی یافتہ علاقوں کے طلباء کو (آج) ملتان میں 100 فیصد فیس کی واپسی کے چیکس تقسیم کریں گی جو سرکاری شعبے کی یونیورسٹیوں سے ایم اے، ایم ایس سی، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں کے ڈومیسائل کے حامل 40 ہزار سے زائد پوسٹ گریجویٹ طلباء میں سے 4500 سے زائد پوسٹ گریجویٹ طلباء جن کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے، کو فیس واپسی کی مد میں ایک ارب 20 کروڑ روپے کا فائدہ پہنچے گا جو جمہوری حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے خواہش مند طلباء کی حوصلہ افزائی کیلئے شروع کی ہے جنہیں مالی مسائل کا سامنا ہے۔ اجلاس میں سندھ، آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلباء کو اس ماہ کے اختتام سے قبل 100 فیصد تعلیمی اخراجات کی واپسی کے شیڈول کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے سینئر حکام اور اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے حکام نے شرکت کی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy