کویت میں ایک عظیم الشان عوامی مشاعرے کا انعقاد

Published on June 11, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 689)      No Comments

3
کویت ۔۔۔انجمن اربابِ فکر و فن کویت کے زیرِ اہتمام کویت کی تاریخ کا ایک عظیم الشان عوام مشاعرہ منعقد ہوا ۔جس کی صدارت معروف شاعر افروز عالم نے کی، جبکہ مہمانانِ خصوصی سفارت خانہ پاکستان سے تشریف لائے ہوئے کمیونٹی ویلفیئر سیکرٹری نور الدین داوڑ اور ممتاز سماجی شخصیت افتخار احمد گھمن تھے۔ مشاعرے کے اعزازی مہمان ممبر اوورسیز ایڈوائزری کونسل آف پاکستان حافظ محمد شبیر تھے ۔
نظامت کے فرائض معروف شاعر اور صدر انجمن صفدر علی صفدر نے انجام دئیے۔ تلاوت قرآنِ پاک کی سعادت قاری اشفاق سیالوی نے حاصل کی ، جبکہ حمدِ باری تعالیٰ منفرد لب و لہجہ کے شاعر زیب بٹ نے پیش کی ۔کویت میں مقیم عالمی شہرت یافتہ نعت خواں سرور حسین نقشبندی نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کر کے محفل میں سماں باندھ دیا ۔مشاعرے میں پاک و ہند کے جن معروف شعراء کرام نے اپنا کلام پیش کیا ان میں فیاض وردگ، صفدر علی صفدر ،عماد بخاری، کاشف کمال ، زیب بٹ ، کمال اظہر، خالد سجاد، خضر حیات صدا حسین صدا، صابر عمر، ابراہیم سنگ راجہ، صداقت علی ترمذی ،افروز عالم،نسیم زاہد ، سرور جان، علی عمران ، کمال انصاری ، شاہین رضوی، تاجور سلطانہ ، مسرت جبیں زیبا، شاہجہان جعفری اور فائزہ صدیقی شامل ہیں ۔
مشاعرے میں کمیونٹی کے تقریباً ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعدادنے شرکت کی ۔اور شعرائے کرام کو دل کھول کر دادو تحسین پیش کی ۔ اظہارِ تشکر کرتے ہوئے خالد سجاد نے تمام مہمانوں اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے تقریب کو باوقار اور کامیاب بنانے میں بھر پور کردار ادا کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر لیاقت بٹ ، ندیم مغل، حافظ امتیاز علی ، آفتاب احمد جٹ، ارشد بھٹی اور غلام مصطفیٰ محمداور دیگر منتظمین کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب کا اختتامُ پر تکلف عشائیے پر ہوا ۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress主题