نگران حکومت مکمل غیر جانبداراورغیر سیاسی ،کوئی سیاسی ایجنڈا نہ کبھی رہا ہے ،نہ ہے اورنہ ہوگا:ڈاکٹر حسن عسکری

Published on June 29, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 158)      No Comments

لاہور (یواین پی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ نگران حکومت کی پہلی اورآخری ترجیح انتخابات کے شفاف اور پرامن انعقاد کو یقینی بناناہے اور اس مقصد کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نگران حکومت مکمل طورپر غیر جانبداراورغیر سیاسی ہے ۔ کوئی سیاسی ایجنڈا نہ کبھی رہا ہے ، نہ ہے اورنہ ہوگا۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم صرف صاف ،شفاف اورغیر جانبدارانتخابات کرانے کیلئے آئے ہیں اور اپنی قومی ذمہ داری بطریق احسن ادا کر کے واپس گھر چلے جائیں گے۔صاف اورشفاف الیکشن کرانے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔ووٹرز کو بھی پرامن اور آزادانہ ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع دیں گے اور قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کوانتخابات میں حصہ لینے کیلئے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے اور اس حوالے سے ہمارے اقدامات اور کارکردگی خود گواہی دے گی۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے لائحہ عمل تیار کرلیا گیاہے۔ووٹرز کیلئے ساز گار ماحول یقینی بنائیں گے اورنگران حکومت امن عامہ کی صورتحال کوبہتر سے بہتر بنانے کیلئے ہر طرح کے اقدامات کرے گی۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نگران حکومت غیر جانبدار حیثیت میں آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کر رہی ہے۔نگران حکومت جب اپنی ذمہ داری پوری کر کے جائے گی تو کوئی بھی اس پر حرف نہیں اٹھا سکے گا۔ہم پر جو اخلاقی اور قومی ذمہ داری عائد ہوئی ہے، انشاء اللہ اس میں سرخرو ہوں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Themes