ملک بھر میں مقیم مسیحی برادری 25 دسمبر کو اپنا مذہبی تہوار کرسمس جوش و خروش سے منائے گی، تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

Published on December 19, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 89)      No Comments

 اسلام آباد (یو این پی)دنیا بھر کی طرح پورے ملک میں مقیم مسیحی برادری 25 دسمبر کو اپنا مذہبی تہوار کرسمس روایتی جوش و خروش سے منائے گی جس کے لئے کرسمس کی مناسبت سے کیک کاٹنے اور گرجا گھروں اور مسیحی بستیوں کی تزئین و آرائیش اور کرسمس ٹری سجانے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے، کرسمس کی تیاریوں کے حوالے سے ہر سال کی طرح اس سال بھی اہم تجارتی مراکز اور دکانوں میں کرسمس کی مناسبت سے ملبوسات، جوتوں اور دیگر پہناووں، تحائف اور مٹھائیوں کی خریدو فروخت عروج پر ہے۔ہر سال دسمبر کی آمد کے ساتھ ہی مسیحی برادری اس تہوار کو روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے لیے کپڑے، جوتے اور دیگر لوازمات سمیت تمام سامان خرید کر اپنی تیاریوں کا آغاز کردیتی ہے جو 24 دسمبر تک جاری رہتا ہے۔مرکزی بازاروں اور مالز میں خریداری کے ساتھ ساتھ لنڈا بازاروں میں بھی سیکنڈ ہینڈ کپڑے خریدنے کے لئے رش ہے۔ ثمینہ مسیح نامی ایک خاتون نے کہا کہ قیمتیں زیادہ ہونے کی وجہ سے بچوں کے لیے نئے کپڑے اور جوتے خریدنے کے بجائے لنڈا بازاروں سے سامان خرید رہے ہیں تاکہ اپنے بچوں کو کرسمس کے موقع پر خوشیاں دے سکیں۔یہ تہواردیگر تہواروں کی طرح دکانداروں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں جن کا کاروبار عروج پر ہے اور من مانے دام وصول کئے جاتے ہیں۔ ایک دکان دار عابد علی نے کہاکہ کرسمس موسم سرما کا اہم تہوار ہے، جس کے ذریعے ہم آرائشی زیورات، چاکلیٹ، پھول اور تحائف کی اشیا تھوک میں فروخت کرکے اچھا منافع کما سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اس سال کرسمس پر اچھی فروخت کی توقع کر رہے ہیں، کیونکہ زیادہ تر لوگ تہوار کی خوشیاں بانٹنے کے لئے اپنے پیاروں کے لئے تحائف خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔اس تہوار پرکمیونٹی اجتماعات اورکیک کاٹنے کی انفرادی و اجتماعی تقریبات کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ جبکہ کرسمس کی تقریبات کا پرکشش کردارسانتا کلاز کی آمد کا استقبال کرنے کے لئے کرسمس ٹری سجائے جا رہے ہیں۔ گرجا گھروں اور مسیحی بستیوں میں فول پروف سکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں جہاں تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Premium WordPress Themes