فیصل آباد (یو این پی)زرعی ماہرین نے کہاہے کہ پنجاب میں مکئی 20لاکھ ایکڑ رقبہ پر کاشت کی جاتی ہے۔ مکئی کی سال میں دو فصلیں لی جاتیں ہیں پہلی بہار یہ مکئی اور دوسری موسمی مکئی کہلاتی ہے۔ تھوڑے عرصے کی فصل ہونے کی بنا پر اسے فصلوں کی ترتیب اور ادل بدل میں بآسانی شامل کیا جاسکتا ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہاکہ گندم اور چاول کے بعد مکئی سب سے اہم غذائی فصل ہے۔مکئی انسانی خوراک کے علاوہ مویشیوں اور مرغیوں کی خوراک میں بھی استعمال ہوتی ہے۔ اس سے نشاستہ، خوردنی تیل، گلوکوز، کسٹرڈ، جیلی اور کارن فلیکس وغیرہ بھی تیار کیے جاتے ہیں۔ بہاریہ،مکئی کی بڑی اہمیت ہے اور اس کی فی ایکڑ پیداوار بھی زیادہ ہوتی ہے۔ بہاریہ مکئی (صرف ہائبرڈ اقسام)کا وقت کاشت آخر جنوری تا آخر فروری ہے۔کاشتکار محکمہ زراعت کی منظور شدہ ہائبرڈ اقسام وائی ایچ1898-،ایف ایچ988-،ایف ایچ1046-،وائی ایچ5427- ا ور وائی ایچ5482- کی کاشت کریں جبکہ مکئی کی عام منظور شدہ اقسام میں گوہر19-،ساہیوال گولڈ،سمٹ پاک،پاپ1-،سویٹ1- اور ملکہ2016-کی کاشت کریں۔مکئی کی پیداوار میں اضافہ کی بنیادی وجہ ہائبرڈ بیج اور جدید پیداواری ٹیکنالوجی کا استعمال ہے کیونکہ ہائبرڈ اقسام بہترین پیداواری صلاحیت رکھتی ہیں۔