اپوزیشن مایوس اور مسترد شدہ سیاست دانوں کا ٹولہ ہے، شاہ محمود قریشی

Published on February 20, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 62)      No Comments

ملتان (یواین پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن مایوس اور مسترد شدہ سیاست دانوں کا ٹولہ ہے جو انتشار کی سیاست کر رہی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 2018 سے لے کر اب تک حکومت گرانے کی بارہا کوششیں کی گئیں،اپوزیشن اب بھی عدم اعتماد کا اپنا شوق پورا کرے، ان کے پاس اگر ووٹ مکمل ہوتے تو وہ حکومت میں ہوتے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس ووٹ پورے نہیں ہیں،وہ دائیں بائیں دیکھ رہے ہیں، دائیں بائیں دیکھنے والوں کو ناکامی ہو گی۔ 2018 کے انتخابات میں عوام نے اپوزیشن کو مسترد کیا، اپوزیشن کو 2023 میں بھی مایوسی ہوگی، اگلی باری پھر ہماری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی، ن لیگ دونوں جماعتوں نے 40 سال تک اقتدار کے مزے لوٹے، عوام کو عمران خان کی شکل میں ایک ایماندار اور محب وطن قیادت میسر ہو گئی ہے۔شاہ محمود نے کہا کہ عوام کی امیدوں کا مرکز وزیراعظم عمران خان ہیں، عوام جانتے ہیں عمران خان ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم نے کسی چور اور لٹیرے کو این آر او نہیں دیا اور نہ دیں گے، ہم ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔ ہم پاکستان کو معاشی حب بنانا چاہتے ہیں،ہمارے سفارتکاروں کو اقتصادی سفارت کاری کی ذمہ داری سنبھالنا ہو گی۔ مہنگائی ہماری حکومت کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے، یہ صرف پاکستان کا نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Themes