انتخابات اور جمہوریت پاکستان کے عوام کی خدمت کا ذریعہ ہیں،آرمی چیف جنرل عاصم منیر

Published on February 10, 2024 by    ·(TOTAL VIEWS 62)      No Comments

 آرمی چیف نے قوم کے نام پیغام میں عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر پاکستانی قوم، نگران حکومت، الیکشن کمیشن ، سیاسی جماعتوں اور تمام جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی
راولپنڈی (یو این پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے انتخابات اور جمہوریت پاکستان کے عوام کی خدمت کا ذریعہ ہیں،پاکستانی عوام کی اپنے حق رائے دہی کے استعمال کیلئے آزادانہ اور بلا روک ٹوک شرکت جمہوریت کیلئے ان کے عزم کا ثبوت ہے۔ پاکستانی قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے عام انتخابات 2024 کے کامیاب انعقاد پر پوری پاکستانی قوم، نگران حکومت، الیکشن کمیشن آف پاکستان، سیاسی جماعتوں اور تمام جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قیادت اور اہلکار بے تحاشا مشکلات کے باوجود انتخابی عمل کیلئے محفوظ ماحول بنانے کیلئے ہماری سب سے زیادہ تعریف کے مستحق ہیں۔قوم کو انتشار اور پولرائزیشن کی سیاست سے آگے بڑھنے کیلئے مستحکم ہاتھوں اور ایک شفا بخش رابطے کی ضرورت ہے، پولرائزیشن اور انتشار 250 ملین آبادی والے ترقی پسند ملک کیلئے موزوں نہیں ہے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قوم کے نام اپنے پیغام میں مزید کہا کہ جیسا کہ پاکستان کے عوام نے آئین پاکستان پر اپنا مشترکہ اعتماد ظاہر کیا ہے اب تمام سیاسی جماعتوں پر فرض ہے کہ وہ سیاسی پختگی اور اتحاد کے ساتھ اس کا جواب دیں، جب ہم اس قومی سنگ میل سے آگے بڑھتے ہیں تو ہمیں اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ آج ملک کہاں کھڑا ہے اور باقی اقوام میں ہمارا صحیح مقام کہاں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا ہے کہ قومی میڈیا، سول سوسائٹی، سول انتظامیہ اور عدلیہ کے ارکان کے تعمیری کردار نے قومی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی مشق کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنایا، تمام جمہوری قوتوں کی نمائندہ متحد حکومت، پاکستان کی متنوع سیاست اور تکثیریت کو قومی مقصد کے ساتھ بہتر طریقے سے پیش کرے گی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انتخابات جیتنے اور ہارنے کا مقابلہ نہیں بلکہ عوام کے مینڈیٹ کا تعین کرنے کی مشق ہے، سیاسی قیادت اور ان کے کارکنوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر حکومت اور عوام کی خدمت کرنے کی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا چاہیے جو جمہوریت کو فعال اور بامقصد بنانے کا واحد راستہ ہے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتخابات سیاسی اور معاشی استحکام لائیں اور ہمارے پیارے پاکستان کے لیے امن اور خوشحالی کا مرکز ثابت ہوں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes