نامزد وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنی حکومت کا ترجیحی ایجنڈا جاری کردیا

Published on February 17, 2024 by    ·(TOTAL VIEWS 25)      No Comments
 پشاور(یواین پی ) نامزد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اپنی حکومت کا ترجیحی ایجنڈا جاری کردیا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا تہذیب و روایات کا امین صوبہ ہے، جسے وحشت و لاقانونیت کی آگ میں جھونک کر بے پناہ نقصان کیا گیا ہے۔ صوبے کی اقدار و روایات کے عین مطابق چادرو و چار دیواری کے مکمل احترام کو یقینی بنایا جائے گا اور امنِ عامہ کے قیام کے ساتھ شہریوں کی جان مال کی سلامتی کا تحفظ تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔صوبائی حکومت کے ترجیحی ایجنڈے میں مزید بتایا گیا ہے کہ حکومت سنبھالتے ہی صحت کارڈ کو پورے صوبے کے لیے بحال کریں گے۔ لنگر خانوں اور پناہ گاہوں کو غریبوں کے لیے آباد کریں گے۔ خواتین کو ان کے شرعی و قانونی حقوق کی فراہمی کے لیے سرکاری وسائل سے مفت معاونت فراہم کریں گے۔ صوبے میں ہر لحاظ سے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے جب کہ لاقانونیت کے فروغ میں مکروہ کردار ادا کرنے والوں کو اپنے اعمال کا حساب دینا ہوگا۔علی امین گنڈاپور کی جانب سے جاری کیے گئے اپنی حکومت کے ترجیحی ایجنڈے میں مزید کہا گیا ہے کہ شہدا کی قربانیوں کا بھرپور اعتراف کرتے ہوئے ان کے لواحقین کے لیے خصوصی پیکیج کا اہتمام کریں گے۔ اپنے وسائل کو ترقی دے کر صوبے کو مالی طور پر خود مختار بنائیں گے اور پوری توجہ اپنے شہریوں کی فلاح و ترقی پر مرکوز کریں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Theme