فیصل آباد (یو این پی)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی، فول پروف سکیورٹی اور بہترین انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے آغاز سے قبل ہی تمام متعلقہ اداروے، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو، بلدیاتی ادارے اور دیگر محکمے پوری طرح ہائی الرٹ اور متحرک ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود محرم انتظامات کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی مشکل،پریشانی اوردشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شدید گرمی کے پیش نظر عزاداروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سبیلوں کے قیام کے ساتھ ساتھ اینٹی سموگ گنز کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے، جسے عوام اور عزاداروں نے بے حد سراہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے بھی ان انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے انہیں خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور امن کمیٹیوں کے اراکین کا شکریہ ادا کیا جائے، جنہوں نے مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کے فروغ میں مثالی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام کے تعاون سے پورے پنجاب میں محرم الحرام پرامن ماحول میں گزر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی سفارشات کی روشنی میں حساس جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر سیکیورٹی کے پیش نظر محدود وقت کے لیے موبائل فون سروس معطل کی گئی، جبکہ پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے مربوط حکمت عملی کے تحت فول پروف حفاظتی انتظامات یقینی بنائے۔صفائی ستھرائی، روشنی، پانی اور دیگر شہری سہولیات بھی بھرپور انداز میں فراہم کی گئیں
عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی، فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا،عظمیٰ بخاری
