چودہ اگست کو اسلام آباد میں یوم آزادی کی روایتی تقریبات بڑے پیمانے پر منائی جائیں گی، خواجہ سعد رفیق

Published on July 19, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 305)      No Comments

11
یوم آزادی کی تقریبات منانے کا مقصد مسلح افواج کا حوصلہ بڑھانا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو
اسلام آباد ۔۔۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ 14 اگست کو اسلام آباد میں یوم آزادی کی روایتی تقریبات بڑے پیمانے پر منائی جائیں گی‘ یوم آزادی کی تقریبات منانے کا مقصد مسلح افواج کا حوصلہ بڑھانا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے‘ وزیراعظم محمد نواز شریف ہر معاملے کو صبر و تحمل، برداشت اور خوش اسلوبی سے حل کرنا چاہتے ہیں ۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ طاہر القادری جس انقلاب کی بات کرتے ہیں عوام کو اس کے خدوخال سے بھی آگاہ کریں اور بتائیں کہ وہ انقلاب کے بعد ملک و قوم کیلئے کیا کریں گے‘ اگر تبدیلی کا کوئی بہتر پیکج ان کے پاس ہے تو بتائیں ہم اسے ضرور اپنائیں گے۔ ہم ان سے بات چیت کرنے کو بھی تیار ہیں تاکہ معاملات کو مل بیٹھ کر حل کیا جا سکے۔ لاہور سانحہ کے حوالہ سے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اگر طاہر القادری جوڈیشل کمیشن کو اپ گریڈ کرانا چاہتے ہیں تو حکومت اس کیلئے بھی تیار ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے وزیراعظم محمد نواز شریف کو مناظرے کے چیلنج پر وفاقی وزیر نے کہاکہ اس کیلئے طاہر القادری پہلے پارلیمنٹ میں آئیں پھر وزیراعظم سے مناظرے کی بات کریں۔ انہوں نے طاہر القادری کو مشورہ دیا کہ وہ چوہدری برادران اور شیخ رشید کی باتوں میں نہ آئیں کیونکہ وہ اپنی سیاسی ساکھ کھو چکے ہیں، اس لئے وہ ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے 14 اگست کے مارچ اور حکومت کی جانب سے یوم آزادی کی تقریبات کے حوالہ سے انہوں نے کہاکہ حکومت کا یوم آزادی کی تقریبات منانے کا فیصلہ کئی ماہ پہلے کا تھا‘ اس سلسلہ میں فوج کی پریڈ کی تیاریاں بھی گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہیں۔ 14 اگست کو اسلام آباد میں یوم آزادی کی روایتی تقریبات بڑے پیمانے پر منائی جائیں گی جس میں پارلیمنٹیرینز اور دوسرے اعلیٰ حکام بھی شرکت کریں گے۔ حکومت 14 اگست کو اسلام آباد میں کوئی اجتماع نہیں کرے گی، فوجی پریڈ بھی 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب ہوگی اور عمران خان تو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 14 اگست کی شام کو اسلام آباد آئیں گے اسلئے ہمارا پی ٹی آئی کے ساتھ تصادم کا کوئی ارادہ نہیں ہے‘ ہمارا یوم آزادی کی تقریبات کو منانے کا مقصد صرف اور صرف اپنی مسلح افواج کا حوصلہ بڑھانا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے تاکہ سب کو پتہ چل سکے کہ ہم سب اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہیں۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes