غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت کا 13واں روز، مزید 40 فلسطینی شہید،کئی زخمی ہوگئے،

Published on July 20, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 438)      No Comments

11
مرنے والوں میں ایک کیمرہ مین اور طبی عملے کا ایک رکن بھی شامل
شمالی غزہ میں سڑکوں اور گلیوں میں نعشیں اور زخمی بکھرے پڑے ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی
غزہ (یو این پی) غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت اور بمباری کے نتیجہ میں اتوار کو مزید 40 فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں ایک کیمرہ مین اور طبی عملے کا ایک رکن بھی شامل ہے۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق اسرائیلی لڑاکا طیاروں اور توپ خانے نے غزہ حالیہ جارحیت کے 13ویں روزشمالی غزہ میں کئی مقامات پر شدید ترین بمباری کی۔ یہ بمباری گزشہ پانچ سالوں میں سب سے شدید بمباری قرار دی جارہی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے علاقے میں موجود اپنے نامہ نگار کے حوالے سے کہا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجہ میں کئی مقامات پر ہنگامی خدمات کی فراہمی کا سلسلہ منقطع ہوگیا، سڑکوں پر لاشیں اور زخمی بکھرے پڑے ہیں جبکہ ہزاروں فلسطینی نقل مکانی کر رہے ہیں۔ فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ اتوار کو ہونے والی بمباری کے نتیجہ میں ایک کیمرہ مین اور طبی عملے کے ایک رکن سمیت چالیس کے قریب فلسطینی شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں عورتوں اور بچوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔کیمرہ مین اور طبی عملے کا رکن اس وقت جاں بحق ہوئے جب اسرائیلی لڑاکا طیارے نے ایک ایمبولینس کو نشانہ بنایا۔ یہ افراد زخمیوں کو علاقے سے نکال رہے تھے کہ بمباری کا نشانہ بنے۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔ فوج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے جمعرات کو دس روز کی فضائی بمباری کے بعد زمینی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔دریں اثناء فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اس نے غزہ میں تین گھنٹوں کی جنگ بندی کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپیل کو قبول کرلیا ہے۔ یہ اپیل بین الاقوامی ہلال احمر کی طرف سے کی گئی تھی۔ حماس کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اپیل زخمی اور لاشوں کو علاقے سے نکالنے کیلئے کی گئی تھی۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy