احتجاج کرنا سیاسی جماعتوں کا بنیادی حق ہے ، جہانگیر بدر

Published on August 7, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 257)      No Comments

6
اسلام آباد ۔۔۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر ڈاکٹر جہانگیر بدر نے کہا ہے کہ انقلاب کی باتیں کرنے والی سیاسی جماعتوں کو یہ بھی سوچنا چاہیے کہ قانون سب کیلئے برابر ہے کوئی بھی قانون کو ہاتھ میں نہ لے۔ جمہوری انداز میں احتجاج ریکارڈ کروانے سے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے اور ایک اچھی روایت قائم کی جا سکتی ہے۔ احتجاج کرنا سیاسی جماعتوں کا بنیادی حق ہے مگر سسٹم ڈی ریل نہیں ہونا چاہیے۔ موجودہ حالات میں جمہوریت کے خلاف محاذ آرائی پیپلز پارٹی کا قطعاً ایجنڈا نہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے معاملہ کے حل کیلئے پارلیمنٹ بہترین فورم ہے۔ سیاسی جماعتوں کی طرف سے احتجاجی ریلیاں اور جلسے جمہوریت کا حصہ ہیں جنہیں روکا نہیں جاتا چاہیے تاہم جلسے جلوسوں کے ذریعے انتخابی اصلاحات لانا جمہوریت کا حصہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے معاملہ کو صرف اور صرف پارلیمنٹ میں زیر بحث آنا چاہیے اور وہاں اسے حل کرنا چاہیے جو کہ اس مقصد کیلئے ایک موزوں فورم ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹربیونلز کی کارکردگی پر کوئی تنقید تو کرسکتا ہے لیکن الیکشن ٹربیونلز کو قبول نہ کرنے کا کہہ دینا کسی بھی صورت درست نہیں اور اگر کوئی الیکشن ٹربیونل کو نہیں مانتا تو اس کا یہ مطلب ہے کہ وہ پورے جوڈیشل سسٹم پر اعتماد نہیں کرتا، حکومت کے پاس اختیار نہیں کہ وہ موجودہ نظام میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے احکامات جاری کرے یہ اختیارات صرف عدالتوں کے پاس ہے۔ جہانگیر بدر نے کہا کہ اسلام آباد میں آرٹیکل 245کے نفاذ کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھنے والی سیاسی جماعت ہے جو ملک میں حقیقی جمہوریت چاہتی ہے، انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں آزادی اظہار اور آزادی رائے کا حق ہر فرد کو حاصل ہوتا ہے اور احتجاج کرنا تو ویسے بھی ہر سیاسی جماعت کا بنیادی حق ہوتا ہے لیکن ضرورت اس نکتے کو سمجھنے کی ہے کہ کیا موجودہ حالات میں احتجاج کی ضرورت ہے دوسرا یہ کہ احتجاج کے نتیجے میں سسٹم پر توکوئی اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔ تحریک انصاف کے حوالے سے عوام میں ایک رائے یہ پائی جا رہی ہے کہ پارٹی بغیر کسی ایجنڈے کے انقلاب کی بات کر رہی ہے، تحریک انصاف کو عام طور پر یہ بات بھی واضح کرنی چاہیے کہ 14اگست کے بعد ان کی حکمت عملی کیا ہوگی، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بطور اپوزیشن اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، حکومت کو چاہیے کہ ایک جمہوری حکومت کے طور پر اپنے کردار کو سمجھے اور اس کردار کو سامنے رکھتے ہوئے ایسی کوئی گنجائش نہ چھوڑی جائے جس سے محاذ آرائی بڑھے۔ جہانگیر بدر نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کا نفاذ اور تمام سیاسی جماعتوں، عوام اور اداروں کے حقوق کی آزادی چاہتی ہے۔ انقلاب کی باتیں کرنے والی سیاسی جماعتوں کو یہ بھی سوچنا چاہیے کہ قانون سب کیلئے یکساں ہے اور کوئی بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لے اپنا احتجاج جمہوری انداز میں ریکارڈ کروانے سے بہت سے مسائل پر قابو پا کر اچھی روایت کو جنم دیا جا سکتا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Weboy