تحریک انصاف حکومت کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہو ، وزیراعظم محمد نوازشریف

Published on August 10, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 373)      No Comments

7
اسلام آباد ۔۔۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے پاکستان تحریک انصاف سے کہا ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہو، تمام سیاسی قوتوں کو آپس میں مل بیٹھنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کے خلاف داخلی و خارجی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ ہفتہ کو یہاں قومی سلامتی کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ماضی کی منفی سیاست چھوڑ کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے مل جل کر کام کیا جائے۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی کانفرنس میں قومی اسمبلی میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور فوجی قیادت نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے اپوزیشن سے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ ایسے وقت میں مثبت کردار ادا کرے گی جب ملک ایک اہم موڑ سے گزر رہا ہے، شمالی وزیرستان میں انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ایک سال کے بعد آزادی مارچ کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انہوں نے سراج الحق کی عمران خان سے ملاقات کی تعریف کی ، جنہوں نے ان کا نقطہ نظر معلوم کیا اور اس سے انہیں آگاہ کیا تاکہ اختلافات دور کئے جاسکیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے سیاسی رہنماؤں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ان تمام رہنماؤں نے یقین دلایا کہ وہ موجودہ نظام اور جمہوریت کی حمایت کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان کو تمام محاذوں پر مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے اور اس معاملے پر کسی سازش کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کی کوششوں کے بعد معیشت میں بہتری آنا شروع ہوگئی۔ معاشی درجہ بندی کے ادارہ مودی نے ملکی معیشت کی ریٹنگ مستحکم قرار دی اور حال ہی میں اس نے پانچ قومی بینکوں کی ریٹنگ کے ساتھ بھی درجہ بندی کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین نے پاکستان میں بجلی کے 14 منصوبوں کیلئے فوری طور پر قرضوں کی منظوری دی جن سے 10400 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات کے بعد ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے اور میری جماعت نے کھلے دل کے ساتھ دیگر تمام جماعتوں کا مینڈیٹ قبول کیا ہے جنہوں نے مختلف صوبوں میں اپنی حکومتیں بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ان کا مینڈیٹ قبول کیا۔ سیاسی حکومتوں کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات کار ہیں اور ہم ان کے ساتھ خلوص کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو جسے بقاء کی ضرورت ہوتی ہے اسے دوسروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے اپوزیشن کے کردارکی بھی تعریف کی اور کہا کہ حزب اختلاف بھی کسی محاذ آرائی کے بغیر جمہوری نظام کی حمایت کر رہی ہے کیونکہ ملک کو مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے جنہیں فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے ماضی میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس کا بھی حوالہ دیا جس کا تقریباً ایک جیسا ایجنڈا ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کی حکمت عملی تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام سیاسی جماعتوں نے قومی مفادات کو سربلند رکھتے ہوئے اپنی تجاویز دیں اور ڈائیلاگ کے آپشن پر اتفاق کیا

Readers Comments (0)

Comments are closed.

Free WordPress Themes