مستقبل کے اخبارات سے

Published on August 16, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 619)      No Comments

KM Khalid
کسی لانگ مارچ سے ہماری حکومت نہیں گرے گی۔وزیر اعظم عمران خان
اسلام آباد ( خصوصی رپورٹر )وزیر اعظم عمران خان نے جشن آزادی کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر اس بات کو دہرایا ہے کہ کسی کے دھرنوںیا لانگ مارچ سے ان کی حکومت کوئی خطرہ نہیں کسی کو شوق ہے تو اپنے لانگ مارچ کو اسلام آباد میں جس جگہ چاہے دھرنا میں بدل لے ہم ان کو ہر قسم کا پروٹوکول دینے کے لئے تیار ہیں ۔تبدیلی کے سوال پر انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا پاکستان میں اس سے بڑھ کر کیا تبدیلی ہو گی کہ گزشتہ پندرہ سال سے میں وزیر اعظم چلا آ رہا ہوں اور آنے والے الیکشن میں چوٹھی مرتبہ وزیر اعظم کے لئے پارلیمنٹ سے منظوری کروا لیں گے۔اسلام آباد میں تمام سکیٹرز کے نام ایک دوسرے سے تبدیل کر دیئے گئے ہیں اب فارنزز جی سکیٹر میں اور گورنمنٹ ملازم فارنرز سیکٹر میں رہائش پذیر ہیں ۔عوام اس قدر بد دل ہوچکے ہیں۔تقریر کو شائد کمپوزنگ کے بعد چیک نہیں کیا گیا یہ فقرہ تھا کہ عوام اس قدر بدل چکے ہیں کہ اب وہ کسی لانگ مارچ کا حصہ بننے کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔شاہ محمود قریشی، جاویدہاشمی کے منظر نامے سے آوٹ ہونے کے سوال پر انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ مملکت میں تو شامل ہیں جس دن انہوں نے اپنے آپ کو کندن ثابت کر دیا اسی دن انہیں امورمملکت سونپ دیئے جائیں گے۔
مجھے اس یوم آزادی پر ریٹائر کر دیا جائے ۔صدر پاکستان ممنون حسین
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )صدر ممنون حسین نے ایوان صدر میں ہونے والی پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کا اظہار کیا کہ وہ گذشتہ بیس سالوں سے پاکستان کے صدر چلے آ رہے ہیں اب ان کا دل چاہتا ہے وہ ریٹائر ہو جائیں انہوں نے بارہا اس کی سمری حکومت کو ارسال کی ہے لیکن جناب وزیر اعظم اعتراض لگا کر واپس کر دیتے ہیں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے تو پھر بھی کوئی باہمی دل چسپی کے معاملات تھے جس سے دل ایوان صدر جیسی خشک جگہ پر بھی ٹکا ہوا تھا دوسرا نوازشریف صاحب کے لانگ مارچ کی وجہ سے گذشتہ پندرہ سال سے بلا شرکت غیرے پاکستان کا صدر ہوں کیونکہ صاحب کہہ کر گئے تھے ممنون صاحب جانا نہیں میں ابھی لانگ مارچ لے کر آیا ۔اب مایوس ہو کر آخری بار اپنی ریٹائر منٹ کی سمری حکومت کو بھجوا رہا ہوں امید ہے منظور کر لی جائے گی ورنہ کوئی دارلحکومت کی دیواروں پر کوئی وال چاکنگ کر جائے گا کہ ’’ صدر کو رہا کرو ‘‘ جس سے حکومت کی بدنامی ہو گی۔
مسلم لیگ نون کا لانگ مارچ گوجرانوالہ پہنچ گیا شرکا کی تعداد چند ہزار سے ذیادہ نہیں ۔ذرائع
گوجرانوالہ ( نامہ نگار خصوصی )مسلم لیگ کا لانگ مارچ گذشتہ تین روز سے گوجرانوالہ میں رکا ہوا ہے مسلم لیگ نون کے ذرائع کے مطابق حکومت کو مہلت دی جا رہی ہے کہ وہ خود بخود حکومت خالی کر جائے ورنہ دوسری صورت میں اگر لانگ مارچ نے اسلام آباد کا رخ کر لیا تو پھر عمران خان کی حکومت کو بھاگنے کا راستہ بھی نہیں ملے گا۔صدر پاکستان مسلم لیگ نے بھر پور ناشتے کے بعد اپنے مسلم لیگی ورکروں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس تاثر کی نفی کہ وہ محض گوجرانوالہ کے کھابے کھانے کے لئے وہاں ٹھہرے ہوئے ہیں انہوں نے سرکاری گزٹ ہاتھوں میں لہراتے ہوئے کہا تاریخ میں اس سے بڑھ کر اور دھاندلی کیا ہو گی میرے خواجگان کو ہرا دیا گیا ،رانا ثنا اللہ،رانا مشہود ،حمزہ شہباز،عابد شیر علی کس کس کاذکر کروں اور تو اورمیں اور شہباز شریف بڑی مشکل سے سیٹ نکال پائے ہیں وزیر اعظم کی سیٹ کو پاکستان مسلم لیگ نون کے لئے شجر ممنوعہ بنا دیا گیا ہے اس سے اچھا سیٹ اپ تو ہمارا پیپلز پارٹی کے ساتھ طے پا گیا تھا،یہ سارے حلقے وزیر اعظم کو کھولنا ہو گئے ان کی دوبارہ گنتی کروانا ہو گی ۔انہوں نے اپنے ورکروں کے نعروں کی گونج میں کہا جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کر لئے جاتے ہم اسلام آباد سے نہیں اٹھیں گے ۔
ہم جمہوریت کو ڈی ریل کرنے والی کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے ۔خورشید شاہ
اسلام آباد ( نامہ نگار )اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اپنے اس عزم کا ایک مرتبہ پھر اعادہ کیا ہے کہ اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے ہم حکومت کے خلاف کسی لانگ مارچ کا حصہ نہیں بنیں گے ۔ہم حکومت کے خلاف نواز شریف کے لانگ مارچ کی مذمت کرتے ہیں کسی بھی غیر جمہوری اقدام کی صورت میں ہم عمران خان کی حکومت کا ساتھ دیں گے۔
عوام بھوکی مر رہی ہے ،لودشیڈنگ نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے ۔شیخ رشید
راولپنڈی ( پریس ریلیز) لال حویلی سے جاری ایک پریس ریلیز میں صدر عوامی مسلم لیگ نے عمران خان کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ایک مرتبہ پھر عوام کی حمایت میں ایک بیان جاری کیا ہے انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے پاکستانی عوام کا وہی رولا ہے نہ کھانے کے لئے روٹی ہے نہ پہننے کے لئے کپڑے ہیں اور نہ ہی رہنے کے لئے گھر ہے بجلی کی شدید کمی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے موجودہ حکومت پر کڑی تنقید کی ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے بڑے سرمایہ دار اپنی کارخانے پاکستان سے منتقل کر چکے ہیں ۔انہوں نے اپنی پریس ریلیز کے آخر میں بڑے حروف میں اس بات کا واشگاف انداز میں اظہار کیا ہے کہ اگر کوئی اس ملک کو ان بحرانوں سے نکال سکتا ہے تو وہ میاں نواز شریف ہیں مجھے ان کی قیادت پر مکمل اعتما د ہے ا نہوں نے مسلم لیگ نون کے لانگ مارچ کا حصہ بننے کا عندیہ دیتے ہوئے اسلام آباد میں اس مارچ کا استقبال کرنے کا علان کیا ہے ۔
حکومت صرف انقلاب مارچ سے ہی جائے گی۔صدر پاکستان مسلم لیگ قاف
گجرات ( نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ قاف کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے اپنی رہاش گاہ پر ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ورکرز سے ایک مرتبہ پھر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ عوام کی حالت صرف اور صرف انقلاب مارچ سے ہی سدھاری جا سکتی ہے اس سلسلے میں ڈاکٹر طاہر القادری بہت جلد پاکستان تشریف لائیں گے اس مرتبہ انقلاب مارچ لاہور سے اسلام آباد جی ٹی روڈ کی بجائے ایک سرنگ سے اسلام آباد میں داخل ہو گاکیونکہ جی ٹی روڈ سے انقلاب مارچ کے راستے میں پومی بٹ جیسے لوگ زبردستی تواضع کی کوشش کرتے ہیں اور حکومت ہیلی کاپٹروں کے ذریعے مارچ کو فیل کرنے کے لئے کیل پھینکتی ہے دیر صرف اس وجہ سے ہو رہی ہے کہ سرنگ تو تقریباً تیار ہو چکی تھی لیکن چوہدری پرویز الہی کے ٹھیکیدار کی غلط حکمت عملی سے دریائے چناب کا پانی سرنگ میں داخل ہو گیا جس سے ساری کی ساری سرنگ بیٹھ گئی ۔ٹھیکیدار نے اس کی وضاحت یوں پیش کی کہ اس کے خیال میں وہ ابھی راوی کے نیچے تھا لیکن اسے پتہ ہی نہیں چلا کہ وہ کب دریائے چناب کے نیچے جا پہنچا ۔اس غلطی سے یہ بات ضرور عیاں ہو گئی کہ کسی بھی سرکاری ٹھیکیدار سے پرائیویٹ کام نہیں لینا چاہئے۔انہوں نے اپنے پارٹی ورکرز کے نعروں کے جواب میں کہا کہ دوبارہ روٹ تبدیل کرکے سرنگ کی تیاری شروع کر دی گئی ہے عوام بہت جلد اس ظالم حکومت سے چھٹکارے کے لئے ہمارے ساتھ لاکھوں کی تعداد میں اسلام آباد میں داخل ہو گی۔***

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Themes