عمران خان کی سول نافرمانی کی تحریک کے اعلان پردلی دکھ ہوا، چوہدری نثار علی خان

Published on August 18, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 470)      No Comments

111
اسلام آباد ۔۔۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے ساتھ مذاکرات کیلئے2 الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جن میں حکومت کے ساتھ دوسری سیاسی جماعتوں کی بھی نمائندگی ہوگی۔ دونوں جماعتوں کے ساتھ( آج ) پیرکو مذاکرات شروع کئے جائیں گے۔ حکومت ہر آئینی و قانونی بات ماننے کو تیار ہے ۔ اتوار کے روز یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تقریر میں سول نافرمانی کی بات سن کر انہیں دلی دکھ ہوا ہے اور وہ حیران ہیں کہ عمران خان کو سول نافرمانی کی تجویز کس نے دی؟۔ سول نافرمانی حکومت کے خلاف نہیں بلکہ ریاست کے خلاف ہوتی ہے۔آج تک ملک میں آمریت کے دور میں بھی کسی نے سول نافرمانی کی بات نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مستقبل نہیں ریاست کا مستقل اہم ہے۔ ریاست اہم ہے حکومتیں تو آتی جاتی رہتی ہیں۔وفاقی وزیر نے عمران خان اور طاہر القادری سے اپیل کی کہ وہ انتشار پھیلانے سے گریز کریں اور قوم کو اکٹھا کریں جس کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں جماعتوں کے راہنما برسات کے موسم میں دھرنوں میں شریک بچوں،خواتین اور بوڑھوں پر رحم کریں اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے افہام و تفہیم سے حل کریں ۔ اصلاحات کیلئے پارلیمنٹ کے فورم کو استعمال کیا جائے۔ اگر معاملات اسی طرح سڑکوں پر حل ہوتے ہیں تو پھر پارلیمان کا کیا فائدہ؟۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا وہ لوگ ملک میں جنگل کا قانون چاہتے ہیں؟۔ یہ بات درست ہے کہ سیاسی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے لیکن جس کی لاٹھی اس کی بھینس والی بات نہیں ہونی چاہیئے۔چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ تشدد کی راہ میں مسائل کا حل نہیں بلکہ تباہی و بربادی ہے جس سے گریز کرنا ہی ملک وقوم کے مفاد میں ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں ملک میں جمہوریت کے تسلسل کیلئے اکٹھی ہیں اور کوئی بھی جماعت تحریک انصاف یا عوامی تحریک کے ساتھ کھڑی نہیں۔آج کے ان بلاجواز دھرنوں نے ملک کی بقاء کی جنگ لڑنے والی مسلح افواج کے شروع کئے گئے آپریشن ضرب عضب سے قوم کی توجہ ہٹا دی ہے اور روزانہ شام کو ایک ہیجان کی کیفیت پیدا کردی جاتی ہے۔ ہمیں چاہیئے تھا کہ اس وقت ہم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہوکر ان کا مورال بلند کرتے جو ملک وقوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ زون پر یلغار کے دعوے پاکستان کو نقصان پہنچا سکتے ہیں ، ریڈ زون میں سفارتخانوں اور سفارتکاروں کی سیکیورٹی ایک عالمی ذمہ داری ہے جسے ہر حال میں پورا کیا جائے گا

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Themes