وزیراعظم محمد نواز شریف کی ضلع سیالکوٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران عوام سے گفتگو

Published on September 7, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 428)      No Comments

nawazقوم دھرنے دے کر قومی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کا نوٹس لے، چینی صدر کا دورہ ملک کی ترقی اورخوشحالی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل تھا، ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پوری لگن کے ساتھ کام کریں گے
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں،
دھرنوں سے کہیں زیادہ ضروری ہے کہ ایسی صورتحال میں امدادی کارروائیوں میں حکومت کا ہاتھ بٹایا جائے
سیالکوٹ (یواین پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے قوم سے کہا ہے کہ وہ ان عناصر کا نوٹس لیں جو دھرنے دے کر قومی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بات اتوار کو ضلع سیالکوٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے دوران جمع ہونے والے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ چینی صدر کا پاکستان کا دورہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے بہت اہم تھا۔ اس دورے کے دوران پاکستان کے عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے کئی میگاپراجیکٹس پر پیش رفت ہونی تھی۔ ان منصوبوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور توانائی کے کئی اہم منصوبے شامل تھے جس سے آئندہ تین چار برسوں کے دوران ملک میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ یقینی تھا۔ اس کے علاوہ شاہراہوں کی تعمیر کے منصوبے بھی شامل تھے۔ وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کیا کہ بدقسمتی سے چینی صدر کا دورہ ملتوی ہوگیا جس سے ان منصوبوں پر بھی اثرات مرتب ہوئے تاہم وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پوری لگن کے ساتھ کام کریں گے اور جتنا ان سے ہوسکے گا اس سے بڑھ کو کوشش کریں گے۔ وزیراعظم نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کا اور پوری قوم کا فرض ہے کہ وہ ایسے عناصر کو نوٹس لیں جو عوام کی ترقی وخوشحالی برداشت نہیں کرسکتے۔ عوام کسی کو دھرنوں کی اجازت نہ دے۔ سیلاب کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ دریائے چناب میں سیلاب کی سطح انتہائی بلند ہے جبکہ دیگر دریاؤں میں بھی یہی صورتحال جس سے قیمتی جانوں کے نقصان کے علاوہ فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، یہ صورتحال غیر متوقع تھی کیونکہ حالیہ بارش سے 20 تیس سالہ ریکارڈ ٹوٹا ہے تاہم حکومت امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں میں آبادی کو کامیابی سے دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ حکومت اور مسلح افواج ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں پوری طرح سے مصروف عمل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دھرنوں سے کہیں زیادہ ضروری ہے کہ ایسی صورتحال میں حکومت کے ساتھ ان کوششوں میں ہاتھ بٹایا جائے۔ قبل ازیں وزیراعظم نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے ہمراہ علاقے کا دورہ کیا اور ضلع میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصان کا فضائی جائزہ لیا۔ اس موقع پر علاقے کے منتخب نمائندے، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں خواجہ صفدر روڈ، شہاب پورہ سبلائم چوک، پسرور روڈ اور کمشنر روڈ کا دورہ بھی کیا۔ شہاب پورہ کے دورہ کے دوران انہوں نے علاقے کے لوگوں سے گفتگو کی اور ان سے امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے سوالات پوچھے۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے وزیراعظم کو سیالکوٹ سے گزرنے والے برساتی نالوں میں حالیہ بارشوں کے باعث سیلاب اور طغیانی آنے سے ہونے والے نقصان کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ سیلاب سے وسیع اراضی پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Weboy