صدرمملکت ممنون حسین کا یوم عاشورکے موقع پر پیغام

Published on November 4, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 353)      No Comments

222یومِ عاشورہ ہمیں واقعہ کربلا وشہدائے کربلا کی عظیم و لازوال قربانیوں کی یاد دلانے کے علاوہ اعلیٰ مقاصد کے حصول کی خاطر ایثاروقربانی کا درس دیتا ہے، موجودہ حالات کے تناظراور پاکستان میں امن و خوشحالی کیلئے اُسوہ شبیریؓ پر چلتے ہوئے ہر طرح کے اختلافات کو بھلانا ہوگا، دہشت گردی ،انتہا پسندانہ سوچ ونظریات کی حامل قوتوں کے سدباب کے لیے کسی بھی قسم کا اقدام کرنے سے دریغ نہیں کریں گے ، صدرمملکت ممنون حسین کا یوم عاشورکے موقع پر پیغام
اسلام آباد(یو این پی)صدرمملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ یومِ عاشورہ ہمیں واقعہ کربلا وشہدائے کربلا کی عظیم و لازوال قربانیوں کی یاد دلانے کے علاوہ اعلیٰ مقاصد کے حصول کی خاطر ایثاروقربانی کا درس دیتا ہے، موجودہ حالات کے تناظراور پاکستان میں امن و خوشحالی کیلئے اُسوہ شبیریؓ پر چلتے ہوئے ہر طرح کے اختلافات کو بھلانا ہوگا، محبت ،رواداری،برداشت،امن،سلامتی اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا،دہشت گردی ،انتہا پسندانہ سوچ ونظریات کی حامل قوتوں کے سدباب کے لیے کسی بھی قسم کا اقدام کرنے سے دریغ نہیں کریں گے ۔صدرمملکت نے ان خیالات کا ظہاریوم عاشور کے موقع ہر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیاہے۔صدر مملکت نے کہاکہ آج 1436ھ کے ماہِ محرم کی دسویں تاریخ اور یومِ عاشورہ ہے، ماہِ محرم ان محترم و مکرم مہینوں میں سے ہے جو اسلامی تعلیمات کے مطابق خصوصی احترام کے حامل ہیں، اس مہینہ کو اسلام کی آمد سے پہلے بھی نہایت تعظیم سے منایا جاتا تھا۔صدر نے کہاکہ یومِ عاشورہ ہمیں واقعہ کربلا وشہدائے کربلا کی عظیم و لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جس میں سیدنا امام حسینؓ اور ان کے (72)جاں نثارورفقاء کو شہید کیا گیا تھا ، واقعہ کربلا ہمیں اعلیٰ مقاصد کے حصول کی خاطر ایثاروقربانی کا درس دیتا ہے۔اعلیٰ مقاصد کا حصول ہی وہ مشن ہے جس کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔یہی وہ عمل ہے جسے تاریخ نے اُسوہ شبیریؓ کے نام سے موسوم کیا ہے جس میں ہمیں حق کی سربلندی کے لیے ڈٹ جانے کا پیغام ملتا ہے۔صدر نے کہاکہ آج وطن عزیز جن حالات سے گزررہا ہے ان سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہمیں اُسوہ شبیریؓ پر چلتے ہوئے ہر طرح کے اختلافات کو بھلاتے ہوئے محبت ،رواداری،برداشت،امن،سلامتی اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا کیونکہ اسی طرح سے پاکستان میں امن و خوشحالی آسکتی ہے ۔صدر نے کہاکہ سیدنا امام حسینؓ کے حضور خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان کی تعلیمات پر عمل کیا جائے اور انہیں عام کیا جائے۔صدر نے کہاکہ آج کے دن ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ وہ کون سی طاقتیں ہیں جو اسلامی جمہوریہ پاکستان کو خطرات سے دوچار کررہی ہیں اور وہ کون سے عناصر ہیں جو اپنے خود غرضانہ مفادات کے لیے ملتِ پاکستان کے اتحاد و اتفاق کو پارہ پارہ کردینا چاہتے ہیں۔آج ہمیں اسوہ حسینی پر عمل کرتے ہوئے یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم ہر قسم کے تعصبات اور مفادات سے بالا تر ہوکر ہر وہ کام کریں گے جو جمہوری اور اسلامی اقدار کے فروغ کا باعث بنے اور ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے مفید ہو ۔صدر نے کہاکہ دہشت گردی ،انتہا پسندانہ سوچ ونظریات کی حامل قوتوں کے سدباب کے لیے کسی بھی قسم کا اقدام کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔صدر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی پناہ میں رکھے اور پاکستان کو امن،ترقی وخوشحالی سے ہمکنار فرمائے اور یومِ عاشور ہ کے اصل پیغام کو جو قربانی پر مبنی ہے ہماری زندگیوں میں شامل فرمائے ۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes