اوپن یونیورسٹی میں دو روزہ “کتاب میلہ “شروع

Published on March 26, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 596)      No Comments

150px-Allama_Iqbal_Open_University_logo
اسلام آباد (یواین پی)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری کے زیر اہتمام دو روزہ ‘کتاب میلہ’ شروع ہوگیا ہے جو آج  جمعرات 26۔مارچ شام 5۔بجے تک جاری رہے گا۔ کتاب میلے میں ملک کے مختلف حصوں سے نہایت اہم بک سیلرز اور پبلشرز نے سٹالز لگائے ہیں۔وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کتاب میلے کا افتتاح کیا۔وائس چانسلر کی خصوصی دعوت پر نامور کالم نگاروں خورشید ندیم اور جبار مزرا نے بھی کتاب میلے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور ٗ پیر محمد امین الحسنات نے بھی کتاب میلے کا دورہ کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ کتاب میلے کے انعقاد کا بنیادی مقصد لائبریری نیٹ ورک کی توسیع اور کتاب دوست کلچر کا فروغ تھا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی لائبریری کونہایت جدید بنایا جارہا ہے جو ریسرچ ورک کے لئے مضبوط سپورٹ فراہم کرے گی۔ڈاکٹر صدیقی نے کہا کہ لائبریری قارئین کو ایک خود کار ڈیجٹل نظام کے تحت بہترین خدمات فراہم کرنے کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے اور لائبریری کی کتابوں تک رسائی کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ قارئین گھر اور دفاتر میں بیٹھ کر لائبریری سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ 5۔ہزار سے زائد مقالہ جات کی سکیننگ اور اپ لوڈنگ کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ڈاکٹر صدیقی نے کہا کہ سوسائٹی کی بہتری میں تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ میڈیا کا نہایت اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے رویوں میں مثبت تبدیلی لانے اور ان میں شعور بیدار کرنے کے لئے میڈیا اور تعلیمی اداروں کو مل کر کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر نامور کالم نگار ٗ خورشید ندیم نے کہا کہ کتاب کلچر تعمیر شخصیت میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے اس لئے ملک کے اندر لائبریری کلچر کے فروغ کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اوپن یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری کی خدمات اور کتاب کلچر کے فروغ کے لئے کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی موجودگی سے یونیورسٹی کے علم و فضل کے کام میں مثالی ترقی ہوگی۔نامور صحافی اور کالم نگار جبار مرزا نے کہا کہ اﷲ کو دو قسم کے لوگ بہت پسند ہیں ایک وہ جو علم عطا کرتے ہیں اور ایک وہ جو علم حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے میلے میں کھوجانے والے دنیادار بن جاتے ہیں جبکہ کتاب میلے میں کھوجانے والے دیندار بنتے ہیں۔یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری کے انچارج ٗ محمد عمر خان نے کتاب میلے کے اغراض ومقاصدبیان کئے اور لائبریری میں موجود سہولتوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے خورشید ندیم اور جبار مرزا کے ہمراہ کتاب میلے میں لگائے گئے تمام سٹالز کا دورہ کیا ۔ راولپنڈی /اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات اور عوام کی کثیر تعداد نے کتاب میلے کے پہلے دن کتابوں کے سٹالز کا دورہ کیا اور کتابوں کے خریدنے میں بھی سرگرم رہے۔ کتاب میلے میں تمام سٹالز میں کتابوں کی فروخت پر رعایت فراہم کردی گئی ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Themes