عمران خان کو ایک الیکشن کا افسوس ہے لیکن ہمارا مینڈیٹ ہر بار چوری ہوا: آصف زرداری

Published on April 26, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 295)      No Comments

03
کراچی(یواین پی) سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ کپتان کو ایک الیکشن کا افسوس ہے لیکن ہمارا مینڈیٹ ہر بار چوری ہوتا ہے تاہم ہرالیکشن کے بعد پیپلزپارٹی نئے ولولے سے زندہ ہوتی ہے۔ لیاری کے ککری گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرادری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک فلسفہ ہے اور ہم عوامی خدمت کے لئے سیاست کرتے ہیں اور یہ خدمت ہمیشہ کرتے رہیں گے، ایک زمانہ تھا جب ہم لیاری میں سڑکوں پر گھوما کرتے تھے لیکن مشرف کی باقیات نے لیاری کوخون کی ہولی میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 2 سال بعد الیکشن ہونے والے ہیں اور پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اسے نوجوانوں کے ہاتھ میں دیں گے،نوجوان نسل پارٹی قیادت سنبھالے وزیراعلی سید قائم علی شاہ اورمیں حکومت سنبھالیں گے جب کہ بلاول اور آصفہ کے آنے تک پارٹی کا جھنڈا سنبھالے رکھوں گا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ بات ماننے کو تیارنہیں کہ پیپلزپارٹی پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مقبول نہیں، پارٹی پر ایسا وقت بھی آیا کہ محترمہ کو صرف 14 نشستیں ملیں لیکن اس کے بعد پارٹی ایک نئے جوش و ولولے سے آگے بڑھی، الیکشن میں ڈھائی سال باقی ہیں اور لیاری سے آئندہ الیکشن کے سفر کا آغاز شروع کردیا جس کے لئے ملک بھر میں جلسے کریں گے اور عوام کے حقوق کی خاطر ہرسطح پر لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کے عوام کیلئے ایک ارب روپے کے ترقیاتی فنڈزکا تحفہ لایا ہوں جس سے کم آمدنی والے افراد کے لیے فلیٹ بنائے جائیں گے جب کہ علاقے میں بلاول انجینئرنگ کالج بنایا جائے گا جب کہ ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کریں گے، لیاری میں پانی کے مسئلے سے آگاہ ہیں اور اس حوالے سے وزیراعلی سندھ کو تین ماہ میں علاقے میں پانی کا مسئلہ ختم کرنے کا وقت دیا ہے۔ کشمیر کے حوالے سے سابق صدر کا کہنا تھا کہ بھارت کو کہتا ہوں کہ کشمیروں کو تنگ کرنے سے باز آجائے اگر انڈیا کے مسلمانوں نے مسئلہ کشمیر کو اٹھادیا تو بھارت کے لئے مشکلات کھڑی ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چین سے پاکستان آنے والی سرمایہ کاری کو ڈی ریل ہونے نہیں دیں گے اور اقتصادی راہداری میں بلوچوں کے حقوق کو یقینی بنائیں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress主题