میٹرو بس منصوبے کے آئندہ ماہ متوقع افتتاح کے لئے تیاریاں زور و شور سے جاری

Published on April 30, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 518)      No Comments

777
اسلام آباد۔۔۔جڑواں شہروں کے رہائشیوں کو جدید، سستی، آرام دہ اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کے میٹرو بس منصوبے کے آئندہ ماہ متوقع افتتاح کے لئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور اس سلسلے میں تمام تر ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے،آر ڈی اے، سی ڈی اے سمیت مختلف متعلقہ ادارے راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کے شایان شان افتتاح کیلئے بھرپور تیاریوں اور انتظامات میں مصروف ہیں۔ تقریباً 23 کلو میٹر راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ کا 8.6 کلو میٹر ٹریک راولپنڈی اور 14 کلو میٹر ٹریک اسلام آباد کی حدود میں ہے گا۔ یہ سارا ٹریک سگنل فری ہوگا اور اس میں راولپنڈی کی حدود میں 10 جبکہ اسلام آباد میں 14 سٹیشنز بنائے گئے ہیں جہاں مسافروں کی سہولت کے لئے جدید اسکلیٹرز، پارکنگ، کرایہ کی وصولی کا خودکار نظام، ایئر کنڈیشنڈ ماحول میں بیٹھنے کیلئے آرام دہ نشستوں سمیت جدید سفری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ میٹرو بس سسٹم کو ایک مرکزی کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جائے گا۔ میٹرو بس کا آغاز فلیش مین ہوٹل راولپنڈی سے ہوگا اور مری روڈ کے راستے فیض آباد کے قریب سے آئی جے پی روڈ سے ہوتے ہوئے نائنتھ ایونیو آئے گی جہاں سے جناح ایونیو کے ذریعے بلیو ایریا سے ہوتی ہوئی پریڈ گراؤنڈ کے عقب میں واقع سیکریٹریٹ اسٹاپ تک جائے گی۔ اسلام آباد کے میٹرو اسٹیشنز میں آئی جے پی روڈ، پوٹھوہار روڈ، خیابان جوہر، فیض احمد فیض روڈ، کشمیر ہائی وے، چمن روڈ، ابن سینا روڈ، کچہری اسٹیشن، سینٹورس اسٹیشن، سعودی پاک ٹاور، سیونتھ ایونیو، شہید ملت روڈ، پریڈ گراؤنڈ اور سیکریٹریٹ کے اسٹیشن واقع ہوں گے جبکہ راولپنڈی کے اسٹیشنوں میں صدر، مریڑ چوک، لیاقت باغ، کمیٹی چوک، وارث خان، بے نظیر شہید ہسپتال، رحمان آباد، سکستھ روڈ، شمس آباد اور فیض آباد کے اسٹیشنز شامل ہیں۔ وفاقی دارالحکومت کا سب سے بڑا انٹر چینج پشاور موڑ میں بنایا جا رہا ہے جہاں میٹرو بس سروس کے ٹریک کے ساتھ ساتھ بالخصوص مختلف اطراف سے آنے والی ٹریفک کی روانی میں سہولت کو یقینی بنانے کے لئے روڈ کو کشادہ کیا گیا ہے جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں آسانی ہوگی بلکہ راہگیر بھی اس سے مستفید ہوں گے۔ میٹرو بس منصوبہ سے عوام کو صاف ستھرا، محفوظ اور آرام دہ سفر مہیا ہوگا، بسوں میں ایئر کنڈیشنر کا انتظام ہوگا اور سیکورٹی کا بھی خاطر خواہ انتظام کیا گیا ہے۔ خواتین کے لئے بسوں میں الگ نشستیں مخصوص ہوں گی اور مسافروں سے مناسب کرایہ وصول کیا جائے گا۔ میٹرو بس منصوبہ سے تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، سرکاری ملازمین، بلیو ایریا، پمز، پارلیمنٹ ہاؤس میں روزانہ آنے جانے والے افراد کو خاص طور پر سفر کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ اس شاندار منصوبہ کی بدولت خاص طور پر بلیو ایریا کے گنجان آباد کاروباری علاقے کی تاجر برادری کو آنے جانے میں بہت سہولت ملے گی۔ ماحول دوست میٹرو بس منصوبہ کی بدولت جڑواں شہروں کے رہائشیوں کو صاف ستھری سفری سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی اور اس منصوبہ سے نہ صرف مسافروں کے وقت بلکہ توانائی کی بھی بچت ہوگی۔ سی ڈی اے کے متعلقہ حکام نے بدھ کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ میٹرو بس منصوبہ کے آغاز کے لئے انتظامات تیزی سے جاری ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے اسپورٹس اینڈ کلچرل ڈائریکٹوریٹ کو سیونتھ ایونیو اور سعودی پاک ٹاور کے قریب اسٹاک ایکسچینج اسٹیشن کی ذمہ داریاں سونپی ہیں اور اس پر اسپورٹس اینڈ کلچرل ڈائریکٹوریٹ تیاریوں میں مصروف عمل ہے جبکہ دیگر اسٹیشنوں کی تیاریوں کے لئے آر ڈی اے اور مختلف اداروں کو بھی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں کہ وہ میٹرو بس اسٹیشنوں کی تزئین و آرائش اور درکار دیگر اقدامات کو یقینی بنائیں۔ حکام نے بتایا کہ میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب کے سلسلہ میں ایک اہم اجلاس (آج) جمعرات کو راولپنڈی میں ہوگا جس میں کمشنر راولپنڈی، سی ڈی اے افسران اور دیگر اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ اجلاس میں راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ اسٹیشنوں کی خوبصورتی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے بعد منصوبہ کی افتتاحی تقریب کی تاریخ کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Themes