حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم جاری رہے گی، کمشنر کراچی

Published on May 26, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 676)      No Comments

4
کراچی (یو این پی) کمشنر کراچی کی سربراہی میں کراچی کی حساس یونین کونسلوں میں جاری انسداد پولیو مہم کی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے، مہم پر عالمی سطح پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور اس بات کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے کہ گذشتہ سات آٹھ ماہ کے دوران کراچی میں کوئی پولیو کا نیا کیس سامنے نہیں آیا۔ یہ بات کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی صدارت میں انسداد پولیو مہم کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچیI-، جاوید صبغت اللہ مہر، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے، متعلقہ ٹاؤن ہیلتھ افسران اور انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کراچی کی آٹھ حساس یونین کونسلوں میں شروع کی جانے والی مہم کا اگلا راؤنڈ یکم جون سے شروع ہو گا، یکم جون سے شروع ہونے والی مہم میں دو لاکھ 25 ہزار 13بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر محکمہ صحت، عالمی ادارہ صحت اور یونیسف کے تعاون سے کراچی کی ان 11 حساس یو نین کونسلوں میں مہم شروع کی گئی تھی جہاں پولیو کے کیسز پائے گئے تھے تاہم تین یونین کونسلوں کو اینوائرنمنٹل رپورٹ میں پولیو سے محفوظ قرار دیئے جانے کے بعد آٹھ یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں کمشنر کراچی نے اس بات پر زور دیا کہ علما کرام اور کمیونٹی کے لوگوں سے رابطہ کو مضبوط بنایا جائے اور رہ جانے والے بچوں تک رسائی ممکن بنائی جائے تاکہ حکومت اور عالمی ادارہ صحت کی انسداد پولیو کی کوششیں بارآور ہوں۔ اجلاس میں انسداد پولیو کے سلسلے میں گذشتہ راؤنڈ میں مہم کی کارکردگی اور بچوں کو قطرے پلانے کی مہم کی تفصیلات کے بارے میں رپورٹ کمشنر کراچی کو پیش کی گئی۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ گذشتہ مہم میں 99 فیصد بچوں کو قطرے پلائے گئے ہیں، رہ جانے والے بچوں کی تعداد میں حوصلہ افزا طور پر کمی ہو رہی ہے، جن یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے ان میں یونین کونسل مسلم آباد، گجرو اسلامیہ کالونی مظفر آباد، منگھو پیر، اتحاد ٹاؤن، چشتی نگر اور سونگل شامل ہیں۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Themes