متوقع سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام تراقدامات پیشگی بنیادوں پر مکمل کئے جارہے ہیں شجاع خانزادہ

Published on July 11, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 421)      No Comments

mail.google.com
جھنگ(یواین پی)صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر)شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پرمتوقع سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام تراقدامات پیشگی بنیادوں پر مکمل کئے جارہے ہیں اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ انہار سمیت دیگرتمام متعلقہ محکمے آپس میں مسلسل رابطہ رکھیں اور حفاظتی بندوں کومزید مضبوط بنانے کا کام فوری طور پر مکمل کر لیا جائے تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے یہ با ت ضلع جھنگ کے دورہ کے دوران تریموں ہیڈ ورکس کے مقام پرمنعقدہ بریفنگ کے بعد کوٹ خیرا اور تحصیل اٹھارہ ہزاری و دیگر حفاظتی بندوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ڈویژنل کمشنر کیپٹن (ر) نسیم نواز،ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی احمد جاوید قاضی،ڈی سی او نادر چٹھہ،ڈی پی او ذیشان اصغر، چیف انجینئر اریگیشن ملتان زون ریاض رشید ، اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت ،لائیو سٹاک و دیگر محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر داخلہ نے حفاظتی بندوں کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ کسی بھی حصے میں تجاوزات نظر نہیں آنی چاہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ بھر کے سیلابی اضلاع میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کو چیک کرنے کیلئے صوبائی وزراء کو ڈیوٹیز تفویض کی ہیں تاکہ ضروری انتظامات کو قبل از وقت مکمل کر لیا جائے اور سامنے آنے والی کسی بھی انتظامی وحفاظتی خامی کو بروقت دورکیا جاسکے۔ڈویژنل کمشنر نے بتایا کہ ارلی وارننگ سسٹم کے تحت سیلابی صورتحال پر گہری نظر رکھی جارہی ہے اور خدا نخواستہ کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں تمام محکمے اپنے فرائض کی بھرپور ادائیگی کریں گے۔قبل ازیں صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کو تریموں ہیڈ ورکس کے مقام پر ضلعی انتظامیہ اور اریگیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے متوقع سیلاب سے نمٹنے کیلئے کی جانے والی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ڈی سی او نادر چٹھہ نے فلڈ ہسٹری کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سیلابی صورتحال سے نبزدآزما ہونے کیلئے چار میٹنگز کی جاچکی ہیں جبکہ ریسکیو1122کے ہمراہ تریموں ہیڈ ورکس کے مقام پر موک ایکسرسائز کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے بجٹ سے سیلاب کے دوران استعمال ہونے والی مشینری سمیت دیگر ضروری سازو سامان کی خریداری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ لائیو سٹاک کے زیر اہتمام چھوٹے بڑے جانوروں کی ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے اور جلد ہی مویشی پال حضرات میں ونڈا کی تقسیم بھی شروع ہو جائیگی۔چیف انجینئر اریگیشن ملتان زون نے بتایا کہ تریموں ہیڈ ورکس پر پانی کی گنجائش6لاکھ45ہزار کیوسک ہے ۔انہوں نے سیلاب کے دوران تریموں ہیڈ ورکس پر میڈیم سے ہائی سیلاب کی صورت میں تیار کردہ ایکشن پلان سے بھی تفصیلی آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ بہترین حکمت عملی اور مربوط فلڈ پلان کی بدولت سیلاب آنے کی صورت میں ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کو زیادہ نتیجہ خیز بنایا جا سکتاہے اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ ، محکمہ انہار ،ریسکیو1122 اور پولیس کے محکموں کا کردا ر بڑا کلیدی ہے۔انہوں نے سیلاب سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ درکار وسائل بھی ترجیحی بنیادو ں پر فراہم کئے جارہے ہیں ۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes