حالیہ برسوں میں پاک روس عسکری تعلقات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے، وزیردفاع خواجہ محمد آصف

Published on July 28, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 653)      No Comments
index

اسلام آباد (یواین پی) سینیٹر مشاہد حسین سید کی چیئرمین شپ میں سینیٹ کی کمیٹی برائے دفاع نے ڈیفنس منسٹری کے کردار کو سراہتے ہوئے افواجِ پاکستان کیلئے ماڈرنائزیشن پلان، آپریشن ضربِ عضب اور دفاعی سازوسامان کی خریداری پر سیلزٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی سے استثنیٰ دینے کی تجاویز پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوموار کو پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، سیکرٹری دفاع لیفٹنٹ جنرل (ر) عالم خٹک اور اعلیٰ افسران کی موجودگی میں سینیٹ ڈیفنس کمیٹی کو ملکی دفاعی صورتحال کے حوالے سے اِن کیمرہ بریفنگ میں مسلح افواج اور دیگر عسکری اداروں کیلئے مختص دفاعی بجٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، اس موقع پر کمیٹی ممبران کو بتایاگیا کہ نائن الیون سے لیکر اب تک پاکستان مختلف شعبوں میں 100بلین امریکی ڈالرز سے زائد کا نقصان اٹھا چکا ہے جبکہ کولیشن سپورٹ فنڈ کے تحت 13بلین ڈالرز کے نقصان کا ازالہ ہوسکا ہے، 7اعشاریہ7بلین ڈالرز کی لاگت کادفاعی بجٹ کل قومی بجٹ (43بلین ڈالرز)کے صرف 17فیصدی حصے پر مشتمل ہے، دفاعی بجٹ کے استعمال میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے اندرونی طورپرڈیپارٹمنٹل آڈٹ کمیٹی کے ذریعے کڑی نظر رکھی جاتی ہے ۔سینیٹ ڈیفنس کمیٹی کی حالیہ تجویز برائے آرمی پبلک سکول شہداء پیکج کے حوالے سے آگاہ کیاگیا کہ سانحہ پشاور کے شہداء کے خاندانوں کو مساوی بنیادوں پر کمپنسیشن پیکج کی فراہمی کیلئے ڈیفنس منسٹری کی سمری فنانس منسٹری میں منظور ہوچکی ہے، جس پر سینیٹ ڈیفنس کمیٹی کے اراکان نے منسٹری کے مثبت فعال کردار پر اظہارِ تشکر کیا،اس موقع پر سینیٹ ڈیفنس کمیٹی نے پاکستان آرمی ترمیمی آرڈیننس2015اورکنٹونمنٹ ترمیمی آرڈیننس 2015کے حوالے سے قانون سازی کی بھی منظوری دی۔وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سینیٹر مشاہد حسین سید کی سول ملٹری خدمات کو اعلیٰ الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان اور روس کے مابین تیزی سے پنپتے عسکری تعلقات کے حوالے سے گزشتہ دو برسوں میں ماسکو کے اپنے دو اہم دوروں کے متعلق کہا کہ دفاعی سازو سامان کی فراہمی، عسکری تعلقات، دفاعی ٹریننگ سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے مابین جدت دیکھنے میں آئی ہے، پاکستانی فوجی افسران کو روس میں دفاعی ٹریننگ کی پیشکش، انسدادِ دہشت گردی کے خلاف سازو سامان کی فراہمی ، اسمگلنگ کی روک تھام اور رواں سال تاریخ میں پہلی مرتبہ سینٹ پیٹرسبرگ میں پاک روس مشترکہ نیول مشقوں کا انعقادجیسے اقدامات دونوں ممالک کو قریب لانے میں انتہائی کلیدی نوعیت کے ثابت ہوئے ہیں۔ اس موقع پر سینیٹر سحر کامران کی جانب سے ایل او سی، ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظورکرتے ہوئے جانی و مالی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا گیا، سینیٹ ڈیفنس کمیٹی نے حکومتِ پاکستان کو بھارتی عزائم کو بے نقاب اورپاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا معاملہ اقوامِ متحدہ اور عالمی اداروں میں اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔سینیٹ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر ز لیفٹنٹ جنرل (ر) عبدالقیوم، لیفٹنٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی، بریگیڈئر (ر) جان کینتھ ولیمز، کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی، سحر کامران، ہدایت اللہ، عطاء الرحمان اور سیکرٹری ڈاکٹر سید پرویز عباس شریک ہوئے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Themes