تعلیم سے محروم لوگوں کو تعلیمی نیٹ میں لانے اور دور دراز اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں رہاہش پذیرطلبہ کو بہترتعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا عزم
اسلام آباد (یواین پی) “علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ایک روزہ ریجنل ڈائریکٹر کانفرنس آج وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کے زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں وڈیو کانفرنسنگ لنک کے ذریعے یونیورسٹی کے 44۔ریجنل ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد ملک بھر میں باالخصوص دور دراز اور کم ترقی یافتہ علا قوں میں تعلیم سے محروم لوگوں کو تعلیمی نیٹ ورک میں لانے اور یکم اگست سے شروع ہونے والے سمسٹر خزاں 2015ء کے داخلوں کے خواہشمند افراد کے لئے قریب ترین مقامات پر داخلوں کی تمام سہولیات کی فراہمی کے لئے ریجنل ڈائریکٹرز سے مشاورت اور انہیں ہدایات دینا تھی۔
وائس چانسلرٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے ویڈیو کانفرنسنگ لنک کے ذریعے ریجنل ڈائریکٹرز کو تعلیم کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی کہ اور کہا کہ یکم اگست سے شروع ہونے والے سمسٹر خزاں 2015ء کے داخلوں کے خواہشمند نئے امیدوار اور پہلے سے جاری طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ وائس چانسلر نے انہیں مزید ہدایت کی کہ داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی معاونت و رہنمائی کے لئے اپنے اپنے کیمپس میں انفارمیشن سینٹرز اور داخلہ فارم اور پراسپکٹس کی فراہمی کے لئے “سیل پوائنٹس “قائم کریں۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ دن بھر کی کانفرنس میں مشاورت کے بعد ریجنل ڈائریکٹرز کی مرتب کی گئی تجاویر پر عمل درآمد کے لئے بہت جلد ایک ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔ کانفرنس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ طلبہ کو داخلوں ٗ امتحانات ٗ سرٹیفیکیٹ اور ڈگریوں کے اجراء ٗ کتب اور درسی مواد کی بروقت میلنگ کو یقینی بنانے کے لئے ایک مشترکہ اور فعال پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔ فاصلاتی نظام تعلیم میں اوپن یونیورسٹی کی نمایاں حیثیت اور لیڈنگ پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لئے وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے کارکن ٗ آفیسرز اور اساتذہ کو مل جل کر پوری لگن ٗ ایمانداری اور عزم مصمم کے ساتھ ایک ٹیم ورک کی حیثیت سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وائس چانسلر نے ریجنل ڈائریکٹرز کو اپنے مقررکردہ چار ترجیحات جن میں ریسرچ کلچر کا فروغ ٗ پروفیشنل ڈیولپمنٹ ٗ درسی کتابوں پر نظر ثانی اور طلبہ کے سپورٹ سسٹم کی مضبوطی شامل ہیں پر بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ ریجنل ڈائریکٹرز یونیورسٹی اور طلبہ کے درمیان رابطہ پل کا کردار ادا کررہے ہیں اور وہ یونیورسٹی کے سفیر ہیں اس لئے وہ طلبہ کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کو یقینی بنائیں ۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی 13۔لاکھ طلبہ کو بہترین خدمات کی فراہمی کے حوالے سے ریجنل ڈائریکٹرز کی شاندار خدمات کو سراہا ۔وائس چانسلر نے امید ظاہر کی زیادہ سے یونیورسٹی کے تمام ریجنل ڈائریکٹرز ٗ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تعلیمی نیٹ میں لانے کے لئے اپنے اپنے ریجنز میں داخلوں کے بارے میں آگہی مہم شروع کریں گے۔