وزیر اعظم کے قافلے میں گاڑی غلطی سےگھسی ،ڈرائیور گرفتاری کے بعد رہا

Published on August 3, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 260)      No Comments

666
اسلام آباد(یو این پی)وزیراعظم نواز شریف پر اسلام آباد میں حملے کی کوشش نہیں کئی گئی بلکہ گرفتار کئے جانے والے شخص سے ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم کے قافلے میں اس کی گاڑی غلطی سے گھس گئی تھی۔ پکڑا جانے والا شخص پاک فضائیہ کا ریٹائرڈ ایئر کموڈور حفیظ الرحمان نامی شخص تھا جس کو ابتدائی تحقیقات کے بعد رہا کردیا گیا ہے جبکہ اس شخص کی گاڑی میں سے بھی کوئی مشکوک چیز نہیں نکلی جس پر اسے جانے دیا گیا۔ اس سے قبل پولیس نے کہا تھا کہ وزیراعظم کے قافلے میں ایک مشتبہ گاڑی گھس گئی جس نے ان کی گاڑی کو ٹکر مارنے کی کوشش کی تاہم وزیراعظم اس واقعے میں محفوظ رہے۔ وزیراعظم نواز شریف اپنے اہلخانہ کے ہمراہ مری سے اسلام آباد آرہے تھے کہ راستے میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے گاڑی کو اپنے قبضے میں لے لیا جبکہ نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کو وزیراعظم ہاﺅس پہنچا دیا گیا۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں بتایا کہ مشکوک پراڈو گاڑی کی نمبر پلیٹ جعلی ہے جبکہ اس واقعے کو سکیورٹی اہلکاروں کی ناکامی قرار دیا جارہا ہے جس کی تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔ تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ نہ تو نمبر پلیٹ جعلی تھی نہ ہی گاڑی کے بعد سے کوئی مشکوک چیز برآمد ہوئی بلکہ مشکوک قرار دیا جانے والا شخص اپنے اہلخانہ کے ہمراہ گاڑی میں سوار ہوکر مری سے اسلام آباد آرہا تھا اور اس نے غلطی تسلیم کرلی ہے کہ وہ وزیراعظم کے قافلے میں گاڑیوں میں گھسا اور آگے نکلنے کی کوشش کی۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم ابتدائی طور پر یہ معلوم ہوا ہے کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ نہیں تھا، مشکوک شخص غلطی سے وزیراعظم کے قافلے میں گھس گیا تھا، اس کو دہشت گردی یا حملے کی کوشش قرار دینا مناسب نہیں ہوگا۔ وزیراعظم خیریت سے ہیں اور جو بھی معاملہ سامنے آئے گا قوم کو اس سے آگاہ کیا جائے گا

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress主题