سندھ کے تاریخی اورقدیم مقامات ہماری ثقافت کا ورثہ ہیں‘شرمیلہ فاروقی

Published on August 6, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 569)      No Comments

77
حیدرآباد (یو این پی) وزیر اعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی برائے ثقافت شرمیلہ فاروقی نے کہا ہے کہ سندھ کے تاریخی اور قدیم مقامات ہماری ثقافت کا ورثہ ہیں جن کی ہر صورت میں حفاظت اور دیکھ بھال کی جائیگی تاریخی مقامات پر ہونے والی تجاوزات ہٹانے کیلئے سخت کاروائی کر کے انہیں ہٹایا جائیگا یہ بات انہوں نے حیدرآبادکے مختلف تاریخی مقامات کی مرمت ، تزئین و آرائش اور بحالی کے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ انکے آج کے دورے کا مقصد تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثے کو محفوظ اور انہیں انکی اصل حالت میں برقراررکھنے کیلئے اقدامات کرنا ہے اور اس سلسلے میں وہ ان دنوں سندھ کے مختلف شہروں کے دورے کر رہی ہیں انہوں نے سندھ میوزیم میں میوزیم ورکشاپ ،بیت الخلاء اور اسٹور میں ناقص صفائی پر انچارج ڈائریکٹر سمیت میوزیم کی تمام انتظامیہ کو شو کاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ڈائریکٹر اور اس کی پوری انتظامیہ اپنا رویہ درست کر کے صفائی ستھرائی پر خاص توجہ دیں انہوں نے میروں کے مقبروں پر انڈونمینٹ فنڈ سے جاری مرمت ، تزئین و آرائش اور بحالی کے کاموں کا بھی معائنہ کیا جس پر ایک کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے میاں غلام شاہ کلہوڑو کے مزار کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری بحالی کے ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ کیا جہاں دو کروڑ 90لاکھ روپے کی لاگت سے بحالی اور مرمت کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مکھی ہاؤس کے مالک نے مکھی ہاؤس محکمہ ثقافت کے حوالے کیا ہے جس کی بحالی کے جاری کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کام ڈھائی کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلد مکھی ہاؤس کو حیدرآباد میوزیم بنایا جائیگا ۔ انہوں نے حسرت موہانی لائبریری کے دورے کے دوران لائبریری میں مطالعہ کرنے والے طلبہ و طالبات نے معاون خصوصی کو کتابوں کی کمی کے متعلق آگاہ کیا جس پر صوبائی سیکریٹری ثقافت ڈاکٹر نیاز علی عباسی کو فوری طور پر لائبریری میں مطلوبہ کتابیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے ہفتے کے دن لائبریری کھولنے اور صرف اتوار کے دن لائبریری بند رکھنے کا حکم بھی دیاانہوں نے کہا کہ لائبریری میں کمپاؤنڈ وال کو اونچا کرنے ،بیت الخلاء اور پینے کے پانی کیلئے ٹینک و پارک کی تعمیر اور لائیٹنگ کے کام کیلئے پی سی ون تیار کی جا رہی ہے جس کی منظور ی کے بعد وہاں فوراً تعمیراتی کام شروع کیا جائیگا ۔ انہوں نے پکہ قلعہ میں نیر حرم کی خستہ ہال عمارت کا بھی معائنہ کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر نیر حرم کی جگہ جدید ریسٹورنٹ تعمیر کرنے کیلئے ایک کنزرویشن کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا جوکہ اس جگہ کا سروے کر کے ریسٹورنٹ کی تعمیر کا تخمینہ لگا کر اپنی تجاویز ارسال کریگی جس کے بعد وہاں تعمیراتی کام شروع کیا جائیگا انہوں نے قلعہ کے اندر پرانے میوزیم کے سروے کا بھی حکم دیا جس کی بحالی و مرمت کے کام کا تخمینہ لگانے کے بعد وہاں کام شروع کیا جائیگا معاون خصوصی نے مہران آرٹس کونسل کے جاری مرمت و بحالی کے کام کا بھی معائنہ کیا اور بتایا کہ کؤنسل میں موجودہ پلاٹ پر نیا اوپن ایئر تھیٹر تعمیر کرنے کے بعد آڈیٹوریم ہال میں ریہرسل روم ، سینگار ہال اور لائیٹنگ وغیرہ کا کام جاری ہے جس پر دو کروڑ 10لاکھ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں اس موقع پر صوبائی سیکریٹری ثقافت ڈاکٹر نیاز علی عباسی ، ڈائریکٹر جنرل ثقافت منظور احمد قناصرو اور محکمہ ثقافت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Premium WordPress Themes