سابق صدر آصف علی زرداری کی قوم کو یوم آزادی پر مبارکباد

Published on August 14, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 396)      No Comments

01
کراچی (یو این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے قوم کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ وہ پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ ایک خوشی کا موقع ہے اور آج ہمیں خود کو ان اصولوں کے لئے وقف کرنے کا عہد کرنا چاہئے جن کیلئے یہ ملک بنایا گیا تھا۔ ہمیں اس موقع پر ان اصولوں کو درپیش خطرات سے نمٹنے کا عہد بھی کرنا چاہئے۔ آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ اجتماعی طور پر ہم پاکستان کو عسکریت اور انتہاپسندی سے بچائیں گے جن کی وجہ سے ملک کو بقاء کا مسئلہ درپیش ہوگیا ہے۔ آج ہمیں جمہوریت کی حفاظت اور ملک کو ایک جدید، متحرک اور ترقی پسند ملک بنانے کا عہد بھی کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپیل کرتے ہیں کہ موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے منطق اور حب الوطنی کا ذریعہ اپنائیں گے نہ کہ اپنے مفادات کو ترجیح دیں گے۔ ہم کسی کو بھی ملک کے مفادات کے خلاف کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم خود کو ان جمہوری روایات کیلئے وقف کر دیں گے جن کیلئے پاکستان وجود میں آیا تھا۔ ہم ان لوگوں کو مسترد کر دیں گے جو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے مذہب کا نام استعمال کرتے ہیں۔ آج ہم اپنے بہادر بیٹوں کو بھی خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو دن رات پاکستان کی حفاظت کررہے ہیں اور جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ وطن کی حفاظت کرتے ہوئے پیش کیا ہے۔ ہم ان لوگوں کو بھی خراج تحسین اور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے دہشت گردی اور انتہاپسندی سے لڑتے ہوئے خدمات سرانجام دیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ آج کے دن ہمیں سیلاب کی وجہ سے متاثرہ لوگوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرنا چاہیے اور ان کی بحالی کیلئے ہر ممکن کوششیں کرنی چاہئیں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Premium WordPress Themes